پاکستان ترکیہ کیساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے:ایف پی سی سی آئی
لاہور (کامرس رپورٹر ) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) ریجنل آفس لاہور کا 12 رکنی کاروباری وفد ترکیہ کا کامیاب دورہ کرکے وطن واپس پہنچ گیا۔ وفد نے یورو ایشیاء پیکیجنگ نمائش میں شرکت کے علاوہ نئی سرمایہ کاری کے مواقعوں کی تلاش اور کاروبار کے فروغ کیلئے ترکیہ کے مختلف ٹریڈ چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں۔ ایف پی سی سی آئی وفد نے ترکیہ میں اپنے ہم منصبوں سے ملاقاتوں کے علاوہ پیکیجنگ کے جدید رجحانات اور ان کی تیاری میں استعمال ہونے والے آلات اور مشینری سے آگاہی حاصل کی۔ دونوں ممالک کے درمیان ایکسپورٹ اور امپورٹ کے ایشو کے حل کیلئے ایم او یوز پر بھی دستخط کیے گئے۔ ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین محمد ندیم قریشی اورلاہور چیمبر کے نائب صدر عدنان خالد بٹ نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ایف پی سی سی آئی وفد کی ترکیہ کے ٹریڈ چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کے عہدہداروں کے ساتھ دوطرفہ باہمی تجارت کو مضبوط بنانے،مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری،بزنس کمیونٹی کے مابین روابط بڑھانے اور وفود کے تبادلوں کے حوالے سے ملاقاتیں مثبت رہی ہیں جن سے مستقبل میں باہمی تجارت میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا خواہاں ہے کیونکہ دونوں ممالک کے پاس بہت سے شعبوں میں تجارت کو فروغ دینے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقتصادی ترقی کے بہت زیادہ امکانات ہیں جنہیں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے زیادہ موثر طریقے سے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔وفد کے دیگر اراکین میں شیخ عبدالستار، رانا جہانزیب، میاں جاوید وارث، عمران خالد بٹ، خواجہ طارق محمود، ظفر اقبال، سرمت ممتاز، اویس احمد، ایاز خان، مبشر علی، محمد اون رضا،محمد حنیف شاہد،عابد وحید شامل تھے۔