حکومت معاشی سمیت دیگر چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور کوشش کر رہی: گورنر
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے گزشتہ روز گورنر ہاﺅس لاہور میں چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) سید توصیف شاہ کی قیادت میں لاہور سے تعلق رکھنے والے سینیئر پارٹی ورکرز نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی سمیت مختلف چیلنجز سے نمٹنے کے لئے حکومت بھر پور کوشش کررہی ہے۔ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کے باعث ملکی معاشی حالات میں بہتری آنا شروع ہو رہی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ہمارا ہر قدم ملک کی ترقی اور بہتری کی جانب اٹھ رہا ہے۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ پارٹی ورکرز کسی بھی سیاسی جماعت کا اثاثہ ہوتے ہیں۔ وفد میں حاجی امداد حسین، امجد نذیر بٹ، شفقت حسین پاندہ، شہاز حیدر، طارق بٹ، چوہدری شیر گجر، وقار صدیقی، تنویر نثار گجر، عبدالمجید چن، ناصر چوہان، ایڈووکیٹ چوہدری ریاض اختر اور ملک احمد حسن شامل تھے۔
گورنر