بجلی بحران حل کرنے کیلئے اقدامات کر رہے‘ خرم دستگیر: 2 گرڈ سٹیشنز کا افتتاح
لاہور‘ چنیوٹ (نیوز رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر برائے پاور انجینئر خرم دستگیر خان نے چنیوٹ اور فیصل آباد کے اضلاع میں بالترتیب 220 کے وی گرڈ سٹیشن لالیاں اور 500 کے وی گرڈ سٹیشن فیصل آباد ویسٹ کا افتتاح کر دیا۔ دونوں منصوبے ٹرانسمیشن نیٹ ورک کو مضبوط کریں گے اور فیصل آباد اور سرگودھا کے علاقوں میں بجلی کی صورتحال کو بہتر بنائیں گے۔ افتتاحی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر خرم دستگیر نے کہا کہ بہتر وولج پروفائل کے ساتھ صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کےلئے پاور ٹرانسمیشن نیٹ ورک کی قابل اعتمادی بھی اتنی ہی اہم ہے۔ بجلی بحران پر قابو پانے کی ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں۔ موجودہ حکومت صارفین کی مشکلات اور ان کے مسائل جیسے کم وولٹیج اور جبری لوڈ شیڈنگ سے پوری طرح آگاہ ہے جنہیں گرڈ سٹیشنز اور ٹرانسمیشن لائنز کے اضافے سے حل کیا جا رہا ہے۔ یہ منصوبے 2400 میگاواٹ کی مجموعی صلاحیت کے ساتھ ساتھ دو ایل این جی پاور منصوبوں سے بجلی بنانے میں مدد کریں گے۔ منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی، انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے خطے میں این ٹی ڈی سی کے ٹرانسمیشن نیٹ ورک کو مضبوط کریں گے جس کے نتیجے میں فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کو ریلیف ملے گا اور فیسکو میں اوور لوڈنگ، کم وولٹیج اور جبری لوڈشیڈنگ کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ اس منصوبے کی تکمیل سے فیسکو کے گھریلو، صنعتی، تجارتی اور زرعی صارفین کی بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ ان دونوں گرڈ سٹیشنز سے فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سمندری، گوجرہ، جڑانوالہ، چناب نگر، چنیوٹ انڈسٹریل، سرگودھا، ل±ڈے والا، نڑ والا روڈ، ٹھیکری والا روڈ، لالیاں اور دیگر علاقے مستفید ہوں گے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر فیسکو انجینئر بشیر احمد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ ان دونوں منصوبوں نے فیسکو کے ڈسٹری بیوشن سسٹم اور اس کے صارفین کو ریلیف فراہم کیا ہے۔ تقریبات میں سیاسی شخصیات، این ٹی ڈی سی کے سینئر افسران و سٹاف، کنٹریکٹرز، کنسلٹنٹس کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
خرم دستگیر