آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 179رنز بنائے، جواب میں آئرش ٹیم 19ویں اوور میں 137 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی،ارون فنچ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا
لاہور ( سپورٹس رپورٹر) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے میچ میں آسٹریلیا نے آئرلینڈ کو 42 رنز سے شکست دے دی۔برسبین میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ کے کپتان اینڈی بلبرنی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جہاں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آئرلینڈ کو جیت کے لیے 180 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں آئرلینڈ کی پوری ٹیم 19ویں اوور میں 137 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی۔آئرلینڈ کی جانب سے لورسان ٹکر نے 48 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 71 رنز کی شاندار فائٹنگ اننگز کھیلی اور ناٹ آﺅٹ رہے۔ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا اور اس طرح سے پوری ٹیم 19 ویں اوور میں 137 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی اور یوں آسٹریلیانے یہ میچ 42 رنز سے جیت لیا۔آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک، پیٹ کمنز، ایڈم زامپا، گلین میکسویل نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا جبکہ مارکس اسٹوئنس نے ایک وکٹ حاصل کی۔44 گیندوں پر 63 کی زبردست اننگز کھیلنے پر کپتان ارون فنچ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔