پرتھ میں کوہلی کے ہوٹل روم کی ویڈیو لیک، سابق کپتان شدید ناراض
لاہور (ا سپورٹس ڈیسک) بھارتی ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی اپنے ہوٹل روم کی ویڈیو لیک ہونے پرشدید ناراض ہوگئے،انسٹاگرام پر ویرات کوہلی نے اپنے ہوٹل کے روم سے لیک ہونے والی ویڈیو شیئر کی جس میں ویڈیو بنانے والے نے اس کے کیپشن میں بتایا کہ یہ ہوٹل میں کوہلی کے روم کی ویڈیو ہے،ویڈیو میں ویرات کوہلی کے ذاتی سامان، کٹس، پرفیومز اور جوتوں سمیت دیگر چیزوں کو دکھایا گیا ہے،ویرات کوہلی نے یہ ویڈیو انسٹاگرام اکاﺅنٹ پر شیئر کرتے ہوئے شدید ناراضی کا اظہار کیا اور لکھا کہ وہ اس بات کو سمجھتے ہیں کہ فینز اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں سے مل کر بہت خوش اور جذباتی ہوتے ہیں اور وہ بھی ان سے مل کر انہیں سراہتے ہیں،کوہلی نے کہا کہ لیکن یہ ویڈیو بہت ہوشربا ہے جس نے مجھے میری پرائیویسی کو لے کر تشویش میں ڈال دیا ہے، اگر میرے ہوٹل کے روم میں میری کوئی پرائیویسی نہیں تو پھر میں کس جگہ کو اپنی پرائیویسی کے لیے دیکھوں؟سابق کپتان نے کہا کہ اس طرح کا فینٹیزم میرے لیے بالکل ٹھیک نہیں جو یقینی طور پر میری پرائیویسی میں دخل اندازی ہے،کوہلی کا کہنا تھا کہ برائے کرم لوگوں کی پرائیویسی کا خیال رکھیں اور انہیں انٹرٹینمنٹ کے طور پر استعمال نہ کریں۔