صدف نعیم کی ہلاکت پیجاب حکومت نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا
لاہور (نیوز رپورٹر+نمائندہ خصوصی) پنجاب حکومت نے خاتون صحافی صدف نعیم کے جاں بحق ہونے پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیٹی میں متعلقہ محکموں کے افسر شامل ہونگے اور وہ اپنی رپورٹ جلد پیش کرے گی۔ اس بات کا فیصلہ کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر (ایس سی سی ایل او) کے سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ صوبائی وزیر پارلیمانی امور، تحفظ ماحول و کوآپریٹوز محمد بشارت راجہ نے راولپنڈی سے بذریعہ ویڈیو لنک صدارت کی۔ چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل، آئی جی پولیس فیصل شاہکار اور متعلقہ افسران بھی شریک ہوئے۔ کابینہ کمیٹی نے چینل فائیو کی رپورٹر صدف نعیم کی شہادت کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور شرکاء نے مرحومہ کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل نے کہا کہ انہیں صدف نعیم کے واقعے پر دلی افسوس ہوا۔ کمیٹی کا نوٹیفکیشن جلد کر دیا جائے گا۔ کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں لانگ مارچ کی سکیورٹی کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔
صدف نعیم/ کمیٹی