ہر نائی سکیورٹی فورسز کا آپریشن 4دہشتگرد ہلاک 2جوان شہید
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی‘ فائرنگ کے تبادلے میں دو سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ4 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ اسلحہ گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 30 اکتوبر کو ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں کمان پاس کے مقام پر سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کی خفیہ اطلاع ملنے پر آپریشن کا آغاز کیا۔ ٹھکانے کو کلیئر کرنے کے لئے مشتبہ مقام کے قریب اہلکاروں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اتارا گیا اور دہشتگردوں کو گھیرے میں لیا گیا جس پر دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سپاہی شفیع اللہ اور سپاہی محمد قیصر شہید جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں 4دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں، آئی ای ڈیز برآمد کر لی گئیں جبکہ علاقے میں موجود دہشتگردوں کی گرفتاری کے لئے کلیئر نس آپریشن جاری ہے۔
جوان شہید