وزیراعظم کا دورہ چین‘ احسن اقبال‘ چینی سفیر کی متوقع سمجھوتوں پر گفتگو
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال سے ملاقات کی‘ ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر بات چیت کی گئی جو کہ وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ چین کے دوران میں پیش کیے جائیں گے اور ان منصوبوں کے ایم او یوز پر دستخط ہونگے۔ وفاقی وزیر نے سی پیک کے متعدد منصوبوں کی اہمیت پر زور دیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت ان منصوبوں خاص طور پر ML-1 اور کراچی سرکلر ریلوے (KCR) منصوبوں کو شروع کرنے کیلئے پْرعزم ہے۔ ایم ایل ون سے پاکستان اور چین دونوں ملکوں کے معیشت پر بڑے اقتصادی اثرات مرتب ہوں گے۔ وزیر نے مختلف شعبوں جیسے توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، ثقافتی اور دیگر میں کئی دیگر منصوبوں کی اہمیت پر بھی زور دیا جو کہ یکم نومبر کو وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران اٹھائیں جائیں گے اور مختلف منصوبوں پر دستخط ہونگے۔ چینی سفیر نے حکومت بالخصوص وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اور خصوصی اقدامات کی کاوشوں کو سراہا اور اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ چین سے پاکستان کی سالانہ برآمدات کو 100 بلین ڈالر اور اس سے آگے لے جانے کے لئے روڈ میپ تیار کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران پاکستان چین کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کرے گا جس کے لئے موسم کے حوالے سے تکنیکی تجربہ حاصل کیا جائے گا۔ دریں اثناء نجی ٹی وی سے گفتگو اور ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہماری توجہ سیاست پر نہیں اس لئے ہار رہے ہیں، ابھی الیکشن کیلئے میدان نہیں سجا۔ انتخابی میدان سجا تو عمران خان کو لگ پتہ جائے گا۔ سونی گلیوں میں نیازی گھوم رہا ہے۔ انہوں نے جھوٹا مقدمہ بنوانے پر عمران پر 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ کرنے کا اعلان کیا۔
احسن اقبال