• news

پی ڈی ایم‘ پی ٹی آئی تماشا غریب عوام نہیں کرسی کیلئے ہے: سراج الحق


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ یوتھ پورے سچ کے ساتھ جھوٹ پر مبنی بیانیے کو شکست دیں۔ سیاسی جماعتیں تاحال انتخابی اصلاحات نہ کر سکیں، سوال یہ ہے کہ ریفارمز کے بغیر انتخابات کس کس کے لیے قابل قبول ہوں گے؟۔ سیاست دانوں کی ذاتی لڑائیوں میں 22کروڑ عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کا تماشا غریب کی بہتری کے لیے نہیں، نہ یہ حکمران ملک میں جہالت، مہنگائی، بے روزگاری کے خاتمے کی لڑائی لڑ رہے ہیں۔ ان کے پیش نظر کرسی اور اپنی انا کی تسکین ہے۔ ملک میں احتساب کے پر کاٹ دئیے گئے۔ ہر طرف ظلم و جبر ہے۔ انصاف کے دروازے غریبوں پر بند، پیسوں کے بغیر کوئی عدالت نہیں جا سکتا۔ سپریم کورٹ کے جج نے ججز کانفرنس کے دوران جب یہ سوال پوچھا کہ کیا ملک میں انصاف ہے تو سب کا جواب نفی میں تھا۔ طاقتور کو50کروڑ کی چوری کرنے کی اجازت ہے، غریب کو معمولی غلطی پر جیل بھیج دیا جاتا ہے۔ جماعت اسلامی کا یوتھ لیڈرشپ کنونشن ملک میں نئی جدوجہد کا آغاز ہے۔ نوجوانوں کومنظم کر کے فرسودہ اور کرپٹ نظام کو تبدیل کرنے کے لیے فیصلہ کن جدوجہد کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سراج الحق

ای پیپر-دی نیشن