رائے ونڈتبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ آج سے شروع ہوگا
رائے ونڈ (نمائندہ نوائے وقت) رائے ونڈ میں تبلیغی جماعت کا عالمی اجتماع آج سے شروع ہوگا۔ 10لاکھ افراد کے قیام وطعام کے انتظامات مکمل، 2500 سے زائد پولیس اہلکار،2200 لٹھ بردار تبلیغی کارکنان سمیت ہزاروں خفیہ والے ڈیوٹی سرانجام دینگے۔ بنگلہ دیش سے علماء اور مبلغین کا وفد بھی رائے ونڈ پہنچ گیا۔ تبلیغی مرکز کو بند کردیا گیا، تمام کارکنان کو پنڈال میں پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عالمی اجتماع امسال دو مرحلوں میں منعقد ہورہا ہے۔ پہلا مرحلہ آج جمعرات کو بعد از نماز عصر امیر جماعت مولانا نذرالرحمان کے ابتدائی بیان سے شروع ہوگا۔ 150سے زائد کلوز سرکٹ کیمرے نصب کردئیے گئے ہیں۔ غیر ملکی مہمانوں کیلئے حلقہ بیرون قائم کردیا گیا ہے جہاں دس ہزار سے زائد غیر ملکی مہمان پہنچ چکے ہیں۔ 50 ہزار سے زائد غیر ملکی مہمانوں کی آمد متوقع ہے۔ پنڈال کے اطراف میں ڈولفن، پیرو اور ایلیٹ فورسز کی گاڑیاں دن رات گشت پر مامور کردی گئی ہیں۔ شرکائے اجتماع کو گیس سلنڈر سمیت آتش گیر مادہ لانے پر سخت پابندی عائد کردی گئی ہے۔ 30 واک تھرو گیٹ کے ذریعے پنڈال میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ مختلف مقامات پر پارکنگ کے وسیع انتظامات مکمل ہو چکے ہیں۔ ریلوے حکام کی جانب سے تمام ٹرینوں کو رائے ونڈ رکنے کا حکم دیدیا گیا ہے‘ تمام ٹرینیں اجتماع کے ایام میں 5 منٹ سٹاپ کرینگی۔ محکمہ صحت نے منی ہسپتال قائم کرنے کیساتھ ڈسپنسریاں قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بھارت سے تبلیغی اکابرین کے بعد بنگلہ دیش سے مبلغین کا 14رکنی وفد قاری زبیر احمد کی قیادت میں رائے ونڈ پہنچ گیا ہے۔ ریلوے سٹیشن پر قائم استقبالیہ کیمپ میں غیر ملکی اور پاکستانی مہمانوں کی خاطر تواضع کیلئے مختلف انواع واقسام کے کھانے اور مشروبات تیار کئے جاچکے ہیں۔ مقامی احباب کی جانب سے پلیٹ فارم نمبر 1پر استقبالیہ کارکنان دن رات ڈیوٹی دینگے۔ مختلف مقامات پر کنٹین قائم کردی گئی ہیں جہاں نماز کے اوقات کے علاوہ سستا کھانا دستیاب ہوگا۔ اجتماع کے پہلے روز 2لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔