• news

چڑیا گھر کو عالمی سطح کا بنانے کی منظوری ، انتقامی سیا ست کی نہ کریں گے : پرویزالہی 


لاہور (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے گزشتہ روز چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کی۔ جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکہ سے آئے اوورسیز پاکستانی تنویر احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صادق سنجرانی نے پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی کے انقلابی اقدامات کو سراہا۔ تنویر احمد نے کہا کہ پاکستان میں نیزہ بازی اور کشتی کے فروغ اور تربیت کیلئے امریکہ سے کوچ لائیں گے۔ فنڈز بھی فراہم کئے جائیں گے ۔ وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور غریب آدمی کی ویلفیئر ہے۔ ہم نے ماضی میں انتقام کی سیاست کی نہ آئندہ کریں گے۔پنجاب حکومت نے سفاری زو اور لاہور چڑیا گھر کو عالی سطح کی تفریح گاہ بنانے کی منظوری دے دی۔ لاہور چڑیا گھر اور سفاری زو کی تنظیم نو کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دونوں چڑیا گھر میں فوڈ کورٹس، جوائے لینڈ، ٹرام سٹرکچر سمیت دیگر سہولیات فراہم کر کے انہیں عالمی معیار کی تفریح گاہ بنایا جائے گا اورسفاری زو میں سائوتھ ایشین اور افریقی تھیم زونز قائم کئے جائیں گے۔ وزیر اعلی چودھری پرویز الہی نے وزیر اعلی آفس میں لاہور چڑیا گھر اور سفاری زو کی تنظیم نو کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں فیصلوں کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کو تفریح کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے حکومت نے پنجاب بھر کے چڑیا گھروںکوجدید اور منفرد بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں زو اینڈ وائلڈ لائف مینجمنٹ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔ پرویز الٰہی نے  کہا کہ فنانشل مینجمنٹ ایکٹ کو جلد حتمی شکل دی جائے۔ اخراجات اور وصولیوں میں توازن سے معاشی امور میں بہتری آئے گی۔ محکموں کے مالیاتی امور کو بہتر بنانے کیلئے ضروری اصلاحات کی جائیں گی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے پاکپتن کے تھانہ ملکہ ہانس کی حدود میں 3 بھائیوں کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن