سپیکر قومی اسمبلی نے آصف زرداری کیخلاف ن ااہلی ریفرنس مسترد کر دیا
اسلام آباد (نامہ نگار) سپیکر قومی اسمبلی نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف نااہلی کا ریفرنس مسترد کر دیا۔ تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری نے رکن قومی اسمبلی آصف علی زرداری کیخلاف ریفرنس سپیکر قومی اسمبلی کو بھیجا تھا‘ ریفرنس میں آصف زرداری کو آئین کے آرٹیکل 62/63 کے تحت نااہل قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے جمع کرائے گئے ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ آصف زرداری کی جانب سے قانون سے انحراف کے شواہد ہیں‘ انہوں نے گیلانی دور میں توشہ خانے سے تین گاڑیاں لیں‘ وہ بحیثیت صدر توشہ خانے سے گاڑیاں لینے کے اہل نہیں تھے۔ زلفی بخاری نے ریفرنس میں استدعا کی تھی کہ آصف زرداری کی نااہلی کیلئے ریفرنس الیکشن کمشن کو بھیجا جائے تاہم سپیکر راجہ پرویز اشرف نے آصف زرداری کی نااہلی کا ریفرنس مسترد کر کے فیصلے کی نقل الیکشن کمشن کو بھجوا دی۔