پاکستان ہاکی فیڈریشن کے بارے میں سمری وزیراعظم کو بھیج دی :احسان الرحمن مزاری
اسلام آباد (خبرنگار)وزارت بین الصوبائی رابطے کے وفاقی وزیر احسان الرحمن مزاری نے کہا کہ اگلے ماہ دورہ بحرین کے موقع پر فیفا کے اعلی عہدیدار سے ملاقات کے دوران درخواست کرینگے کہ پاکستان میں فٹبال کی بحالی کےلئے بنائی گئی نارملائیزیشن کمیٹی مینڈیٹ کے مطابق الیکشن میں ناکام ہوگئی ممبران کو تبدیل کر کے نئے ممبران تعینات کریں جو جلد از جلد الیکشن کروا کے اپنے مینڈیٹ کو تکمیل تک پہنچائیں۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حوالے سے ایک سمری وزیراعظم شہباز شریف کو بھیج رکھی ہے وزیراعظم کی منظور ی کے بعد اسکا اعلان کردیا جائےگا ۔پاکستان سپورٹس بورڈ کے نئے ڈی جی کی تقرری کےلئے پراسیس شروع کر دیا ہے اور امید ہے کہ جلد بیسٹ تھری کو شارٹ لسٹ کر نے کے بعد نئے ڈی جی کی تقرری کر دی جائےگی ۔ ڈیپارٹمنٹس کو کھیلوں اور کھلاڑیوں کے فروغ کےلئے خط جاری کر دیا ہے۔