• news

این اے 91  سرگودھا: مسلم لیگ (ن)  کے ذوالفقار بھٹی کامیاب قرار


اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی کو حلقہ این اے 91  سرگودھا سے کامیاب قرار دے دیا۔  سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان  عمر عطا بندیال کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت ذوالفقار بھٹی کے وکیل شہزاد شوکت نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمشن نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا۔ عام انتخابات سے متعلق پہلے ہی انکوائری چل رہی تھی۔ پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ کا جواز نہیں تھا۔ جبکہ مخالف فریق کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمشن کی جانب سے قانون کے مطابق 20 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ کروائی گئی جس میں عامر سلطان چیمہ کامیاب ہوئے۔ تاہم سپریم کورٹ نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد قرار دیا کہ الیکشن کمشن کی جانب سے دوبارہ ووٹنگ کا فیصلہ قوانین کے بر خلاف تھا۔ اس لئے ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی کے کامیابی کا نوٹیفکیشن بحال کیا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ 2018 ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی 1236 ووٹوں سے کامیاب ہوئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن