• news

عمران لوگوں کو گمراہ کر رہا تھا ، مبینہ ، حملہ آور ، بیان لیک کرنے پر تھانہ معطل، ملزم لاہور منتقل 


لاہور‘ گجرات‘ سوہدرہ (نوائے وقت رپورٹ‘ نامہ نگاران) سابق وزیراعظم عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس کی شناخت ہو گئی ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کا نام نوید ولد بشیر ہے  اور وہ وزیرآباد کے علاقے سوہدرہ کا رہائشی ہے۔ ملزم نوید چوری کے الزام میں جیل بھی جا چکا ہے۔ ملزم نوید کی بیوی‘ بھائی‘ بچوں اور  والدہ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ سب کے علیحدہ علیحدہ بیان لئے جائیں گے۔ دریں اثنا مبینہ ملزم کا بیان بھی سامنے آگیا ہے۔ حملہ آور نے کہا کہ ایک طرف اذان ہو رہی تھی‘ دوسری طرف میوزک چل رہا تھا۔ اس وجہ سے میں طیش میں آگیا۔ مبینہ ملزم محمد نوید نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیرآباد میں لانگ مارچ کے دوران کنٹینر پر فائرنگ کرتے ہوئے صرف عمران خان کو مارنے کی کوشش کی تھی۔ میں نے عمران خان کو مارنے کا اچانک فیصلہ کیا کیونکہ عمران خان لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔ میرے پیچھے کوئی نہیں اور نہ ہی کوئی ساتھ ہے۔ اکیلے ہی یہ کام کیا ہے۔ مبینہ حملہ آور کو نائن ایم ایم پستول اور دو خالی میگزین کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔ دو بچوںکا باپ 32  سالہ نوجوان محلہ آرائیاں سوہدرہ کا رہائشی محمد نوید المعروف ٹھواں ولد محمد بشیر کچھ عرصہ سعودی عرب میں بھی مقیم رہا‘ لیکن  آجکل سپیئر پارٹس کی دکان بنائی ہوئی تھی۔ معتبر ذرائع کے مطابق وہ مسلم لیگ (ن) کے سرگرم رکن امتیاز باگڑی گروپ سے تھا۔ سوہدرہ میں مشتبہ افراد کی پکڑ دھکڑ جاری ہے۔ گجرات پولیس ڈی پی او گجرات کی نگرانی میں ملزم کو لیکر لاہور پہنچ گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے فائرنگ کرنے والے ملزم کا وڈیو بیان لیک کرنے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیا اور زیر حراست ملزم کا بیان لیک کرنے پر متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او سمیت سارے عملے کو معطل کر دیا اور متعلقہ پولیس سٹیشن کے افسران اور تمام عملے کے موبائل قبضے میں لے لئے گئے۔ موبائل فونز کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے غیر ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی ہدایت کی۔  وزیر اعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے بیان لیک ہونے کے واقعہ کی انکوائری کا حکم دیا اور ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی کہ تحقیقات کرکے محرکات سامنے لائے جائیں۔ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں فائرنگ کے واقعہ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن