• news

عمران پر فا ئرنگ جے آئی ٹی بنانے کی ہدا یت ، دشمن کے عزائم نا کام ہو ئے : پرویز الہی 


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ پرویزالٰہی نے شوکت خانم ہسپتال سے خصوصی ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ عمران خان کی عیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں بالکل ٹھیک ہوں۔ عمران خان صاحب اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بالکل ٹھیک ہیں۔ عمران  نے کہا میں اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ چودھری پرویز الٰہی نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے خان صاحب خیریت سے ہیں اور بالکل محفوظ ہیں۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ ہسپتال میں موجود آئی جی پولیس کو اعلی سطح کی جے آئی ٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ جے آئی ٹی میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ کو رکھا جائے گا تا کہ واقعہ کے محرکات کا جائزہ لیا جاسکے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ بظاہر لگتا ہے کہ حملہ کرنے والے ایک نہیں دو بندے ہیں۔ ہم جاننا چاہتے ہیں واقعہ کے پیچھے کون ہیں، کن لوگوں نے ملزم کو ٹرینڈ کیا۔ وہ کیا سوچ ہے جس کے تحت اس لڑکے کو تیار کیا گیا، کتنے اس کو پیسے ملے، کہاں سے لے کر آئے۔ لگتا ہے پہلے اس نے آکر پریکٹس کی اور کتنے ہی لوگوں کو فائرنگ کر کے زخمی کیا۔ جہاں ملزم نے موٹر سائیکل کھڑی کی اس کے رشتے داروں کا کس سے رابطہ تھا۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ تفتیش آگے بڑھے گی تو میڈیا کے سامنے لائیں گے، ملزموں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔ قبل ازیں پرویزالٰہی عمران خان کی عیادت کیلئے شوکت خانم ہسپتال پہنچ گئے اور خیریت دریافت کی۔ عمران خان نے وزیراعلیٰ سے گفتگو میں کہا کہ الحمدللہ  میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے خیریت سے ہوں۔  اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ آپ خیریت سے ہیں اور دشمن کے مذموم عزائم ناکام ہوئے۔ عمران خان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری قوم آپ کے ساتھ ہے اور آپ کیلئے دعاگو ہے۔ چودھری پرویزالٰہی  نے اس عزم  کا اظہار کیا کہ واقعہ میں ملوث ملزموں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ حقیقی آزادی مارچ میں فائرنگ کے واقعہ پر دلی دکھ اور افسوس ہوا۔ اس مذموم واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ علاوہ ازیں  پرویزالٰہی کی ہدایت پر صوبہ بھر میں سموگ سے بچائو کیلئے ماحولیاتی ایمرجنسی کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔ پرویزالٰہی  نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والے اداروں اور فصلیں جلانے والے کاشتکاروں کیلئے سزائیں بڑھائی جا رہی ہیں۔  کاشتکاروں کو فصلوںکی باقیات  تلف کرنے کیلئے جدید ہارویسٹر ’’نبیپرسیڈ‘‘  فراہم کئے جائیں گے۔ ورلڈبنک کی معاونت سے بڑے شہروں میں الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ انڈسٹریز کو کلیئر ٹیکنالوجی اپنانے کیلئے کم شرح سود پر ایک ارب روپے کے قرضے دیئے جائیں گے۔ تمام خشست بھٹوں کی زگ زیگ  ٹیکنالوجی پر منتقلی یقینی بنائی جائے۔ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے ہدایت کی کہ محکمہ ماحولیات‘ زراعت‘ انڈسٹری اور ٹرانسپورٹ  متواتر 3 ماہ انسداد سموگ مہم چلائیں۔ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کی کاوشوں میں سول سوسائٹی کی مشاورت بھی شامل کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر فصلیں جلانے کے عمل کے سدباب کیلئے بھرپور کارروائی کریں۔ مانیٹرنگ ٹیموں کے ذریعے ریگولر مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا جائے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور میں 10 ایئر کوالٹی مانیٹر کے ذریعے ماحولیاتی آلودگی کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ پنجاب میں ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والے اقدامات کرنے پر 1816  ایف آئی آر درج ہو چکی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن