عمران پر حملہ قابل مذمت‘ افسوسناک: امریکہ‘ برطانیہ‘ سعودیہ‘ کینیڈا: جائزہ لے رہے‘ بھارت
واشنگٹن، نئی دہلی، اوٹاوہ (نوائے وقت رپورٹ+ نیٹ نیوز) امریکہ نے چیئرمین تحریک انصاف پر قاتلانہ حملے کی مذمت کی ہے۔ ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ عمران خان پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ بھارت کا کہنا ہے کہ صورتحال کی پیشرفت کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا یہ واقعہ جو ابھی ہوا ہے اس کو دیکھ رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ صورتحال کی پیشرفت کو مانیٹر کر رہے ہیں، اس پر ابھی مزید کچھ نہیں کہہ سکتا۔ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر حملے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا میں اس تشدد کی سختی سے مذمت کرتا ہوں۔ کیونکہ سیاست، جمہوریت یا ہمارے معاشرے میں اس کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ جسٹس ٹروڈو نے عمران خان اور دیگر زخمیوں کی جلد صحتیابی کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ برطانیہ نے بھی عمران خان پر قاتلانہ حملے کی مذمت کی ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ جیمز کلیوالی نے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں عمران خان پر حملہ افسوسناک ہے‘ جس میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ حملے کے تمام متاثرین سے ہمدردی ہے۔ سیاست میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں۔ سعودی عرب نے عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کی سخت مذمت کرتا ہے۔ سعودی عرب پاکستان کے امن و استحکام اور اس کے ترقیاتی عمل کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کے خلاف پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب ہر قسم کے تشدد، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کے ساتھ ہے۔میئر لندن صادق خان نے بھی عمران خان پر قاتلانہ حملے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے بیان میں کہا کہ تمام دعائیں عمران خان اور پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں۔ لارڈ زیک گولڈ سمتھ نے کہا کہ عمران خان مضبوط انسان ہیں۔ پاکستان میں جمہوریت کو دبانے والی طاقتیں غلط ثابت ہوں گی۔ لبیر رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے کہا کہ عمران ناز شاہ نے کہا کہ عمران خان پر حملے کا افسوس ہے۔ واقعہ میں زخمی افراد کیلئے دعاگو ہوں‘ لیبر رکن پارلیمنٹ خالد محمود نے کہا کہ اس طرح کے حملوں کی سیاست میں جگہ نہیں۔ عمران خان پر حملے پر تشویش ہے۔ دعا گو ہیں فارن آفس منسٹر لارڈ طارق نے کہا کہ عمران خان پر حملے کی خبر سن کر دھچکا لگا۔