ایئرچیف مارشل سے جرمن سفیر کی ملاقات‘ مختلف امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (اے پی پی) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے اہم امور اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ نے اتحادی ممالک سے ٹیکنالوجی کے سمارٹ حصول، تنصیبات کی اپ گریڈیشن اور تربیت کی ازسرنو تشکیل کے ذریعے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے وسیع منصوبوں کا ذکر کیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔ معزز مہمان نے سیلاب سے ہونے والی تباہی کے دوران جانی نقصان پر پاکستانی عوام سے دلی تعزیت کی اور سیلاب زدگان کی امداد و بحالی کے لیے پاک فضائیہ کی کوششوں کو سراہا۔
ظہیر بابر