حیدرآباد میں چینی ڈاکٹر کو ٹارگٹ کرنے کی کوششں ملزم گرفتار
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سی ٹی ڈی نے حیدرآباد میں چینی ڈاکٹر کی ٹارگٹ کلنگ کو ناکام بناتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گلستان جوہر میں کامران چورنگی کے قریب کارروائی کرکے کالعدم دہشت گرد تنظیم ایس آر اے کے رکن محمد افضل لنڈ عرف عافی کو گرفتار کیا گیا جبکہ ملزم کے قبضے سے ایک پستول اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔ سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ وہ جرمنی میں جلاوطن تنظیم کے سربراہ ذوالفقار خاصخیلی عرف سفیر سے براہ راست رابطے میں ہے۔ خاصخیلی اس کی مالی معاونت کر رہا ہے۔ ملزم کے بھیجے گئے پیسوں سے موٹرسائیکل اور اسلحہ خریدا ہے۔ ملزم نے مزید بتایا کہ ذوالفقار خاصخیلی نے اسے حیدرآباد میں چینی ڈینٹل کلینک کے ڈاکٹر کو قتل کرنے کا ٹارگٹ دیا تھا۔ دہشت گرد نے بتایا کہ اس نے حیدرآباد کے علاقے تلک چاڑی میں چینی ڈاکٹر کو ٹارگٹ کرنے کا منصوبہ بنایا۔ اس کلینک میں ملزم دانتوں کی سکیلنگ کے بہانے گیا تھا جہاں اس نے تصاویر لیں اور ریکی کی۔ ملزم نے یہ تصاویر سوشل میڈیا ایپ کے ذریعے ماسٹر مائنڈ کو یورپ بھیجیں۔ حکام کے مطابق ملزم نے ماسٹر مائنڈ ذوالفقار خاصخیلی کو بتایا کہ وہ اکیلے یہ واردات نہیں کر سکتا جس پر ملزم کو بتایا گیا کہ جلد اسے ایک ساتھی اسلحہ سمیت مل جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے یہ واردات مبینہ طورپر وزیراعظم کے دورہ چین کے موقع پر کرنی تھی۔
چینی ڈاکٹر/ دہشت گرد