’’عدلیہ کا 75 سال کا سفر‘‘ چیف جسٹس نے دستاویزی فلم کا افتتاح کر دیا
اسلام آباد (وقائع نگار) چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے لا اینڈ جسٹس کمشن اور پاکستان ٹیلی ویژن کی مشترکہ کاوش سے بنائی جانے والی دستاویزی فلم'' عدلیہ کا 75 سال کا سفر'' کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے، لا اینڈ جسٹس کمیشن سیکرٹریٹ میں تقریب کی صدارت چیف جسٹس نے کی، دستاویزی فلم میں پاکستان میں عدلیہ کے قیام، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور تاریخ کے مارچ کے ساتھ اس کی توسیع کا مختصر احوال دیا گیا ہے، دستاویزی فلم مستقبل کے راستے اور ٹیکنالوجی کی مدد سے انصاف کی موثر انتظامیہ کے لیے پاکستان میں عدالتی نظام کو جدید بنانے کی کوششوں کی بھی عکاسی کرتی ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ دستاویزی فلم'' عدلیہ کا سفر، 75 سال'' کی شکل میں ایک ایسی شاندار دستاویزی فلم سامنے آئی ہے جو پاکستان کی آزادی کے بعد سے 75 سال کی عدالتی تاریخ کا احاطہ کرتی ہے، انہوںنے کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر لا اینڈ جسٹس کمیشن کی ٹیم کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ سیکرٹریٹ یکساں جذبے، لگن اور عزم کے ساتھ اس طرح کی تقریبات کا انعقاد جاری رکھے گا، انہوں نے شہریوں کے حقوق اور معاشرے کے حقوق میں توازن پیدا کرتے ہوئے تحقیق کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا، انہوں نے پاکستانی عوام کے لیے انصاف کی فراہمی کے لیے عدلیہ کی تمام سطحوں پر تنازعات کے متبادل حل کے طریقہ کار کو فعال کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ پی ٹی وی اسی طرح کی دیگر کوششوں میں لا اینڈ جسٹس سیکرٹریٹ کی مدد جاری رکھے گا تاکہ عام لوگوں میں آئین، قوانین اور انصاف تک رسائی کے بارے میں آگاہی پیدا کی جا سکے،
دستاویزی فلم