عمران پر قاتلانہ حملہ قابل مذمت‘ ملوث افراد کو گرفت میں لایا جائے: طاہر اشرفی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیراعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی اداروں کو قومی مفادات کے لئے بزدلانہ حملہ کرنے والے شخص اور اس کے پیچھے تمام عناصر کو ہر صورت قانون کے شکنجے میں لانا لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو سیاسی استحکام کی جتنی اب ضرورت ہے شاید پہلے کبھی نہیں تھی ، سیاسی قیادت حالات کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے تاکہ ملک دشمن طاقتیں ہمارے نفاق سے فائدہ نہ اٹھاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کے نام کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا عمل ختم ہونا چاہیے۔ حملہ آور جس طرح مذہبی ہونے کا تاثر دے رہا ہے یہ لمحہ فکریہ اور سبھی کو اس پر غور کرنا چاہیے۔
طاہر اشرفی