• news

فائرنگ افسوسناک‘ مخالفین عمران کا سیاسی میدان میں مقابلہ کریں: منور جماعتی


 لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی لانگ مارچ پر فائرنگ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کی صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں، گالی اور گولی کی زبان کو مسترد کرتے ہیں۔ مخالفین سیاسی میدان میں مقابلہ کریں۔ عمران خان بہادر، نڈر اور مخلص راہنما ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے اپنے مذمتی بیان میں کیا۔ انہوں نے فائرنگ کے واقعہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات ملک کو انارکی، بدامنی اور انتشار کی طرف دھکیل سکتے ہیں۔ عمران خان کے مخالفین سیاسی میدان میں ان کا مقابلہ کریں، ایسی اوچھی حرکتیں عمران خان کو منزل پر پہنچنے سے ہرگز نہیں روک سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقی آزادی کی مہم ہے جس کی کامیابی کیلئے ہر مخلص و محب وطن پاکستانی دْعاگو اور عمران خان کے شانہ بشانہ ہے۔ انہوں نے حملے میں جاں بحق ہونے والے کارکن کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔ 
منور جماعتی

ای پیپر-دی نیشن