اللہ تعائی سے دوستی کر لو ساری مشکلات سے نجات مل جائے گی: مولانا نزرالرحمن
رائے ونڈ (نمائندہ نوائے وقت) رائے ونڈ عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ مولانا نذرالرحمان کے بیان سے شروع ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اجتماعیت کا دین ہے جو جوڑ کا حکم دیتا ہے اور توڑ سے بچنے کی تلقین کرتا ہے۔ اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوئے بغیر دنیا و آخرت میں نجات ممکن نہیں۔ اللہ سے دوستی کرلو ساری مشکلات سے نجات مل جائیگی۔ اپنی زبان کو قابو میں رکھو، مغفرت کیلئے سب سے بڑا عمل اپنی زبان سے کسی کو نقصان نہ پہنچاؤ۔ خود کو اور اپنی نسلوں کو غیبت سے بچاؤ۔ معاشرہ سلجھ جائے گا، معاشرے میں امن قائم ہو جائے گا۔ اپنے دلوں کو کدورتوں اور بغض سے پاک رکھو اللہ کی رحمت نازل ہوگی۔ سارا اسلام، سارا دین اور ساری تبلیغ صرف دو عمل پر مشتمل ہے زبان کی حفاظت اور دل کا صاف ہونا۔ زندگی کا جتنا وقت حضور اکرمؐ کی محبت اور پیروی میں خرچ ہوگا وہی نفع کا سبب بنے گا۔ دنیا کی محبت سے نجات حاصل کرلو۔ زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں۔ اپنے کپڑوں کو پاک رکھنے کیساتھ اپنے دلوں کو بھی صاف رکھو جس سے تمھارا تن اور من صاف ہو جائے گا۔ آج دنیا کی محبت میں دین کو فراموش کردیا گیا ہے۔ مصائب اور آلام کے پہاڑ ٹوٹ رہے ہیں جس کی سب سے بڑی وجہ مسلمانوں کے دلوں کا نفرتوں سے بھرا ہونا ہے۔ جب تک دلوں میں اسلام نہیں آتا ہماری عملی زندگی بیکار ہے، اخلاق اسلامی بنیادی اکائی ہے اگر اس کو ہی چھوڑ دیا تو پھر باقی معاملات کیسے پایہ تکمیل تک پہنچیں گے۔ عبادات کیساتھ ساتھ معاملات کی حفاظت کرنا ضروری ہے۔ دنیا میں اگر کوئی نقل کرتا پکڑا جائے تو اسکو کمرہ امتحان سے نکال دیا جاتا ہے لیکن اگر کوئی آقائے کائنات کی نقل کرے تو اسکے لئے کامیابی، کامرانی کی گارنٹی ہے۔ نبی اکرم ؐ کی سنتوں اور حرمت کے محافظ بن جاؤ دنیا بھی سنور جائے گی اور آخرت بھی۔ ختم نبوت کے عقیدے کے بغیر سارے اعمال فارغ ہیں اپنے عقیدوں کو درست کرلو۔ نبی اکرمؐ کے طریقے اور سنت کے بغیر کیا جانے والا عمل غارت ہے۔ نبی کریم ؐ کے ادب کے بغیر کوئی کامیابی نہیں مل سکتی۔ عقیدہ ختم نبوت کو عام کرو۔ گھروں میں بازاروں میں دوستوں میں محافل میں عام کرو اسی میں کامیابی ہے۔ اللہ تک پہنچنے کا واحد ذریعہ آقائے کائنات ہیں۔ صورت محمد ؐ اور سیرت محمد ؐ کو اپنا لو۔ کسی کی عزت نفس مجروح نہ کرو۔ انسانیت کی عزت کرو۔ اللہ سے دوستی کرو وہ سخی ہے اور وہ کسی سے دوستی توڑتا نہیں، کسی کو مایوس نہیں کرتا اور نہ ہی اللہ کسی بخیل سے دوستی کرتا ہے۔ لوگوں کے کام آؤ یہی انسانیت کا فلسفہ ہے۔ کوئی ضرورت مند آئے تو اسکی تذلیل نہ کرو اس کا ادب کرو اس کی داد رسی کرو اسکی معاونت کرو۔ کیونکہ اللہ نے تمہیں اس قابل بنایا ہے تو اس کو تیر ے پاس بھیجا ہے۔علاوہ ازیں نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے آج مقامی ہزاروں شہری پنڈال پہنچیں گے۔ مقامی سطح پر ہفتہ وار تطعیل ہونے کی وجہ سے رائے ونڈ شہر اور مقامی فیکٹریوںمیں کام کرنے والے ہزاروں شہری نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے پنڈال پہنچیں گے۔ نماز جمعہ مولانا محمد اسماعیل گودھرا پڑھائیں گے اور نماز جمعہ کے بعد مفصل خطاب ہوگا۔ آج وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی کی آمد بھی متوقع ہے۔
تبلیغی اجتماع