• news

معلوم تھا گجرات میں مجھ پر حملہ ہوگا،ٹھیک ہوتے ہی اسلام آباد کی کال دوںگا:عمران خان


لاہور (نیوز رپورٹر‘ نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ میرے اوپر حملہ کیا گیا اور مجھے مارنے کی کوشش کی گئی۔ لانگ مارچ میں روانہ ہونے سے ایک دن پہلے پتا چلا تھا کہ وزیر آباد یا گجرات میں مجھے مارنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ مجھے لوگ ووٹ اس لیے دیتے ہیں کہ لوگ ان سے تنگ تھے۔ ایک بیرونی اور ایک اندرونی سازش ہوتی ہے اور کہتے ہیں ہم نیوٹرل ہوگئے ہیں۔ شہبازشریف، رانا ثنا نے پلان بنایا، ساتھ ڈرٹی ہیری مل گیا۔ اس دن جب میں کنٹینر پر تھا ایک دم گولیوں کا ایک برسٹ فائر ہوا، جب میں گرا تو دوسرا برسٹ آگے سے آیا، جب میں گررہا ہوتا ہوں تو میرے اوپر سے گولیاں گزریں۔ جب میں گرا اس نے سوچا ہوگا میں مرگیا ہونگا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جنونی شخص انتہا پسند نہیں پورا ایک پلان تھا، اس شخص کے ساتھ اور لوگ بھی ملوث ہیں، شہید معظم کو سلام پیش کرتا ہوں، ابتسام نے بھی اس کو پکڑا۔ اگر نہ پکڑتا تو مزید لوگوں کو گولیاں لگنا تھیں، یہ پورا پلان پہلے کا بنا ہوا تھا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ پرویز مشرف نے اس کے بعد ان کو این آر او دینے کا فیصلہ کیا، این آر او کی وجہ سے پاکستان کا قرضہ چار گنا بڑھا، اب یہ این آر او ٹو لے رہے ہیں، میں تو جدوجہد کر کے اوپر آیا تھا، واپس تو عوام میں ہی جانا تھا، جس طرح عوام نے میری حوصلہ افزائی کی حیران رہ گیا، ہم نے 25مئی کو لانگ مارچ کا اعلان کیا۔ انہوں نے ہمارے خلاف 3 لانگ مارچ کیے تھے۔ امریکی عہدیدار ڈونلڈ لو نے دھمکی دی کہ عمران خان کو ہٹا دیں اور تحریک عدم اعتماد کے ذریعے حکومت گرا دی جاتی ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے نااہل کرانے کے لیے الیکشن کمشن کو استعمال کیا گیا، توشہ خانہ کا سارا ریکارڈ موجود ہے، اس میں چوری کی کوئی گنجائش نہیں، توشہ خانہ کیس میں نااہل اس لیے کیا گیا نوازشریف کا حکم تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف چاہتا ہے الیکشن کمشن مجھے نااہل کرے، چیف الیکشن کمشنر شریف خاندان کا نوکر ہے، مجھ پر غلط الزام لگائے، چیف الیکشن کمشنر پر ہرجانہ دائر کروں گا۔ تحریک انصاف نے 40 لاکھ ڈونرزکا ریکارڈ دیا، باقی کسی پارٹی نے اپنے کسی ڈونرزکا ریکارڈ نہیں دیا۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب پتا چلا کہ عوام کدھرکھڑی ہے۔ میں نے اپنی ویڈیو بنائی ہوئی ہے اگر کچھ ہوا تو یہ چار لوگ ذمہ دار ہونگے۔ میرے ملک کو پتا چلنا چاہیے کس نے مجھ پر حملہ کیا، حکومت میں رہا تو میرے تعلقات بھی ہیں، اس لیے میرے پاس خبریں آتی ہیں، جو کچھ انہوں نے چھ ماہ کے اندر کیا زیادہ تر لوگ متنفر ہیں۔ انہوں نے میرے بیانات کو توڑ مروڑ کر ویڈیو بنائیں تاکہ پتا چلے دین کی توہین کی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق عمران نے کہا کہ سب سے بڑی جماعت کے سربراہ کو انصاف نہیں مل رہا۔ قوم جاگ گئی ہے۔ شعور کا جن بوتل میں واپس نہیں جائے گا۔ جیسے ہی ٹھیک ہوں گا اسلام آباد کی کال دوں گا اور سڑکوں پر نکلوں گا۔ آزادی کیلئے قربانی دینا پڑتی ہے۔ مجھے کچھ ہوا تو 4 لوگوں کے بارے میں ویڈیو ریکارڈ کرا دی ہے، توشہ خانہ کا مکمل ریکارڈ موجود ہے۔ ڈاکٹر فیصل نے بتایا مجھے 4 گولیاں لگیں۔ انہیں ڈر ہے کہ عمران اقتدار میں آکر این آر او واپس نہ کر دے۔ 

ای پیپر-دی نیشن