سابق وزیراعظم پر حملہ‘پنجاب حکومت انکوائری کمشن بنائے :طاہرالقادری
لاہور(خصوصی نامہ نگار )بانی و سرپرست تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عمران خان پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ پر دلی افسوس ہے۔ میں عمران خان اور زخمی ہونے والے تحریک انصاف کے دیگر قائدین کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کو چاہیے کہ وہ اعلیٰ سطحی انکوائری کمشن بنائے جو اس واقعہ کی ہر نہج پر انکوائری کرے اور حقائق منظر عام پر آنے چاہئیں۔ اگرچہ اس ملک میں کمیشنوں اور انکوائریوں کی تاریخ حوصلہ افزا نہیں ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاﺅن اس کی ایک بڑی مثال ہے۔ 5سال کی مسلسل جدوجہد کے بعد سپریم کورٹ نے سانحہ کی غیر جانبدارانہ تفتیش کیلئے ازسرنو جے آئی ٹی قائم کرنے کی اجازت دی مگر اسے ماتحت عدالت نے معطل کر دیا اور3 سال سے مسلسل جے آئی ٹی کی بحالی کیلئے قانونی چارہ جوئی کررہے ہیں۔ انصاف کی عدم فراہمی کی وجہ سے روزبروز بے چینی میں اضافہ ہورہا ہے۔
عمران خان پر حملہ ایک سنگین معاملہ ہے ۔اس کے ذریعے ملکی امن کو تہ و بالا کرنے کی کوشش کی گئی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے کارکن کے اہل خانہ سے بھی دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔