حملہ سازش،عمران خان پاکستانیوں کو ضرور حقیقی آزادی دلائینگے:محمود الرشید
لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات میاں محمود الرشید نے گزشتہ روز بابو صابو انٹرچینج پر پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ منتخب ارکان پر تشدد اورعمران خان پر فائرنگ کی سازش کے پیچھے رانا ثناءاللہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پر فائرنگ کے خلاف پاکستان کے قریہ قریہ اور دنیا بھر میں احتجاج ہو رہا ہے۔ آج عمران خان صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری مسلم امہ کے لیڈر بن چکے ہیں جن پر قاتلانہ حملے کی دنیا کے تمام بڑے رہنماو¿ں نے مذمت کی۔میاں محمود الرشید نے کہا کہ جب تک عمران پر قاتلانہ حملے کے ملزمان کیفر کردار تک نہیں پہنچتے، احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر آباد میں آئی جی اور پنجاب پولیس کی واضح کوتاہی نظر آئی اس لیے عمران خان کے اس مطالبہ کی بھر پور حمایت کرتے ہیں کہ آئی جی پنجاب کو فی الفور تبدیل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ آدھے گھنٹے میں ملزم سے رٹا رٹایا بیان دلوانا بہت حیران کن تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تاریخ ہے کہ نہ وہ کبھی جھکے ہیں۔
اور نہ ہی رکے ہیں۔اللہ سے پوری امید ہے کہ عمران خان پاکستانیوں کو ضرور حقیقی آزادی دلائیں گے۔