• news

 پاکستان اوراے ڈی پی میں خیبر پی کے میں صحت پروگرام کیلئے معاہدے پر دستخط


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان اورایشیائی ترقیاتی بینک نے خیبر پی کے میں صحت کے مضبوط نظام پروگرام کے لیے 100 ملین ڈالر کے مالیاتی معاہدے پر دستخط کردئیے ۔وزارت اقتصادی امور کے سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے حکومت پاکستان جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان ریذیڈنٹ مشن کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یی نے معاہدے پر دستخط کیے۔ خیبر پی کے حکومت اورایشیائی ترقیاتی پروگرام کے درمیان صوبے میں پروگرام کے نفاذ کے لیے ایک اور معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔ دستخطوں کی تقریب میں وفاقی وزیراقتصادی امور سردار ایاز صادق بھی موجود تھے۔اس موقع پربتایاگیا نتیجہ خیز قرض پروگرام بنیادی ڈھانچے اور آلات کو جدید بنا کر ثانوی ہسپتالوں میں صحت کی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو گا۔ معاہدے کے تحت کلینیکل پروٹوکولز، معیارات و رہنما خطوط پر عمل درآمد کو یقینی بنانے ، انسانی وسائل کی منصوبہ بندی اور ادویات کی سپلائی چین کے انتظام کو بہتربنایاجائیگا ۔اس پروگرام کا مقصد خیبر پی کے میں صحت کے ثانوی نظام کو تبدیل کرنا ہے ۔ 
 دستخط

ای پیپر-دی نیشن