بی بی شہیدکے ساتھی حبیب الرحمن عرف مانی پہلوان انتقال کر گئے‘ جامعہ نعیمیہ میںنماز جنازہ قل کل ہونگے‘ زرداری ‘ بلاول کا اظہار افسوس
لاہور+اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کے دیرینہ اور جیالے کارکن اور بی بی شہیدکے ساتھی حبیب الرحمن عرف مانی پہلوان انتقال کر گئے ۔ مانی پہلوان کی نماز جنازہ جامعہ نعیمیہ گڑھی شاہو میں ادا کی گئی اور سربراہ جامع نعیمیہ علامہ راغب نعیمی نے نماز جنازہ پڑھائی۔نماز جنازہ میں رانا جواد، حاجی عزیز الرحمن چن،نوید چودھری،منور انجم،میاں مصباح الرحمن،حافظ غلام محی الدین سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ قبل ازیں مرحوم کی بیٹیوں کو جنازہ روک کر آخری دیدار کرایا گیا۔ ثمینہ گھرکی،نرگس خان اور دیگر نے اہلخانہ سے ملکر تعزیت کی۔مرحوم نے پسماندگان میں 3بیٹے اور 3بیٹیاں چھوڑی ہیں۔مرحوم کی رسم قل کل بروز ہفتہ جامعہ مسجد فاروقیہ،غازی محلہ،مین گڑھی شاہو روڈ لاہور میں نماز عصر سے قبل ادا کی جائیگی۔ سابق صدر آصف علی زرداری پی پی پی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی کے دیرینہ رہنما مانی پہلوان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے ،اپنے الگ الگ بیانات میں انہوں نے کہا حبیب الرحمٰن عرف مانی پہلوان پیپلزپارٹی کے قیمتی اثاثہ تھے ،مانی پہلوان جیسے ثابت قدم، وفادار اور بہادر جیالے کا انتقال باعث صدمہ ہے ۔ مانی پہلوان کے انتقال کی خبر سن کر دلی صدمہ ہوا دکھ کی گھڑی میں پوری پارٹی قیادت غم میں برابر کی شریک ہے ۔
مانی پہلوان