برطانوی وفد کی ملاقات ، سرمایہ کاری کو بھر پور تحفظ دینگے : پرویز الٰہی
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پرویزالٰہی سے برطانیہ کے نامور صنعتکاروں اور معروف کاروباری شخصیات کے 15 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ پنجاب میں زراعت، لائیوسٹاک، پولٹری اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کا جائزہ لیا گیا اور برطانوی صنعتکاروں کی طرف سے پنجاب میں سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ برطانوی صنعتکاروں اورکاروباری شخصیات نے سی بی ڈی، روڈا اور دیگر پراجیکٹ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ برطانوی وفد نے پرویز الٰہی کے ویژن اور کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور شاندار میزبانی پر تشکر کا اظہار کیا۔ بتایا کہ خود پر یقین کی ضرورت ہے، اپنے وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ترقی کی منازل طے کریں گے۔ روڈا، سی بی ڈی اور دیگر بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے برطانیہ میں روڈ شو کریں گے۔ بیرونی سرمایہ کاری کے تحفظ کی بھرپور ضمانت دیں گے۔ بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے ون سٹاپ شاپ سروس شروع کر رہے ہیں۔ آف گرڈ ہائیڈل پاور پراجیکٹ سمیت انرجی کے مختلف پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ پنجاب میں 10 سپیشل اکنامک زونز قائم کئے جا رہے ہیں۔ 10 سالہ ٹیکس ہالیڈے دیں گے۔ راوی سٹی اور لاہور جدید ترین ٹوئن سٹی کی مثال ثابت ہو گا۔ روڈا میں 3 ہزار انڈسٹریز اپنی دلچسپی کا اظہار کر چکی ہیں۔ روڈا میں سعودی عرب اور ملائشیا کے سرمایہ کار بھی راغب ہو رہے ہیں۔ لاہو رسنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کو 700 ملین ڈالر سرمایہ کاری کی پیشکش موصول ہو چکی ہیں۔ علاوہ ازیں پرویزالٰہی نے ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے بڑا اقدام کرتے ہوئے صوبائی ٹاسک فورس برائے روڈ سیفٹی تشکیل دیدی ہے۔ ٹاسک فورس ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے جامع لائحہ عمل تیار کرے گی اور ٹاسک فورس کی تجاویز کی روشنی میں ٹریفک حادثات سے بچائو اور عوام کی سیفٹی کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں گے اور اس ضمن میں ضروری قانون سازی بھی کی جائے گی۔ پرویزالٰہی نے موٹرسائیکل رکشہ کی جگہ الیکٹرک منی کارٹ متعارف کرانے کی منظوری دیدی ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت اجلاس میں صوبے میں آلودگی میں کمی کیلئے ماحول دوست الیکٹرک بائیک کو فروغ دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب میں الیکٹرک بائیکس اور الیکٹرک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انسپکشن کے بعد گاڑیوں کے ریڈایبل ٹوکن سٹکر چسپاں کیا جائے گا اور ریڈایبل انسپکشن ٹوکن نہ ہونے کی صورت میں گاڑی فوری طور پر آف روڈ کر دی جائے گی۔ پرویزالٰہی نے بزرگ سیاستدان و سابق نگران وزیراعظم بلخ شیر مزاری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔