ویڈیو بیٹی کو بھیجی گئی: اعظم سواتی جعلی ہے : ایف آئی اے سنجرانی کا سینٹ کمیٹی بنانے کا اعلان
اسلام آباد‘ لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نیوز رپورٹر) ایف آئی اے نے کہا ہے کہ سینیٹر اعظم سواتی کے حوالے سے زیر گردش قابل اعتراض ویڈیو فرانزک میں جعلی ثابت ہوئی ہے۔ وائرل قابل اعتراض ویڈیو کا بین الاقوامی معیار کے مطابق ویڈیو، آڈیو، فریم ٹو فریم فرانزک تجزیہ کیا گیا ہے۔ ویڈیو کے ابتدائی فرانزک تجزیے میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ یہ ویڈیو مختلف ویڈیو کلپس ایڈٹ کر کے چہرے بدل کر بنائی گئی ہے یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ فوٹو شاپ سے کاٹ چھانٹ کر چہرے بنائے گئے ہیں۔ ایف آئی اے نے کہا کہ پریس کانفرنس میں معزز سینیٹر نے جس تشویش کا اظہار کیا ہے وہ تقاضا کرتا ہے کہ اس ویڈیو کی تفتیش کی جائے۔ سینیٹر اعظم سواتی اپنی شکایت ایف آئی اے میں درج کرائیں اور اس ویڈیو کے اصلی ہونے کے حوالے سے اپنے خدشات کے بارے میں بھی بتائیں، ایف آئی اے نے کہا کہ بادی النظر میں یہ ویڈیو فیک ہے اورڈیپ فیک ٹولز سے بنائی گئی ہے۔ دوسری جانب چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے سینیٹر اعظم سواتی کے بیان پر پارلیمانی لیڈرز پر مشتمل کمیٹی بنانے کا اعلان کر دیا۔ سنجرانی نے کہا کہ اعظم سواتی کی ازدواجی زندگی سے متعلق ویڈیو پر سینٹ کی کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے۔ پارلیمانی لیڈرز پر مشتمل کمیٹی میں تمام جماعتوں کے رہنما شامل ہوں گے۔ کمیٹی ویڈیو بنانے اور لیک کرنے کا جائزہ لیکر رپورٹ مرتب کرے گی اور ایوان میں پیش کرے گی۔ دریں اثناء اعظم سواتی نے کہا کہ میری اہلیہ کے ساتھ میری ذاتی ویڈیوز نامعلوم نمبر سے میری بیٹی کو بھیجی گئیں۔ بیٹی نے کہا کہ جب آپ کوئٹہ گئے تھے یہ اس کی ویڈیو ہے۔ میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سینیٹر نے کہا کہ ایک بیٹی جب اپنے باپ کو کہے یہ ویڈیو آپ کی اور ماں کی ہے تو سوچیں اس باپ پر کیا گزرے گی۔ صادق سنجرانی تم نے سپریم کورٹ کے جوڈیشل لاجز میں میرے قیام کا انتظام کیا تھا اور مجھ سے کہا تھا چونکہ سپریم کورٹ کا کوئی جج اس وقت کوئٹہ میں موجود نہیں تو آپ لاجز میں رہ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ درندے و کالی بھیڑیں جو اس کام پر مامور ہیں کہ اگر کسی شخص کی کوئی کرپشن یا غیر اخلاقی چیز نہیں مل رہی تو اس کی بیوی کے ساتھ ویڈیو نکال لو۔ میرا کیا قصور ہے جو ویڈیو سامنے لائی گئی۔ خاوند و بیوی کا تقدس پامال کیا گیا۔ سپریم کورٹ سے اپیل کرتا ہوں کب انصاف ملے گا۔ خود کشی نہیں کر سکتا لیکن اس ملک میں رہ کر ظلم کا مقابلہ کروں گا۔سینیٹر اعظم سواتی کی پریس کانفرنس کے ردِ عمل کے طور پر معاملہ ایوانِ بالا میں پاکستان تحریک انصاف کے اراکین کا اہم ترین اجلاس طلب کر لیا گیا۔ اجلاس سینٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم کی جانب سے طلب کیا گیا۔ تحریک انصاف کے اراکینِ سینٹ کو تمام سرگرمیاں ترک کر کے فوری طور پر اجلاس میں شرکت کی ہدائت کی گئی ہے۔ اجلاس میں اس حوالے سے حکمت عملی طے کی جائے گی۔