سمبڑیال: گردونواح میں گیس بندش‘ کم پریشر سے شہری پریشان
سمبڑیال (نمائندہ نوائے وقت) موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی سمبڑیال وگردونواح میں گیس کی بندش اورکم پریشر سے شہری عذاب میں مبتلا ہوگئے۔ بچے بغیر ناشتہ کیے سکولز جانے پر مجبور مہنگائی میں گیس سلنڈر استعمال نہیں کر سکتے۔ خواتین کی آہ وبکا۔ تفصیلات کے مطابق سمبڑیال وگردونواح میں موسم کی تبدیلی اورسردیوں کا آغاز ہوتے ہی گیس کی غیر اعلانیہ بندش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ گھریلو خواتین ناہید اختر، ثمینہ، شکیلہ، رضیہ بی بی، آپا سکینہ، سلیماں بی بی کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں پہلے ہی گزر بسر بڑی مشکل سے ہو رہی ہے۔ ایل پی جی گیس بھی اتنی مہنگی ہو چکی ہے کہ سفید پوش طبقہ سلنڈر استعمال بھی نہیں کر سکتا‘ بچے اور شہریوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ کھانے کے اوقات میں کم از کم صبح کے ناشتے اور رات کے کھانے کے اوقات میں گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ غریب عوام کو ریلیف مل سکے۔