• news

پاکستان کی چین کو سمندری غذا کی برآمد 141.57 ملین ڈالر تک پہنچ گئی  


 بیجنگ (آئی این پی)عو امی جمہوریہ چین کی جنرل ایڈمنسٹریشن آف دی کسٹمز نے کہا ہے کہ پاکستان کی چین کو سمندری غذا کی برآمدات 141.57 ملین ڈالر تک پہنچ گئی، جو کہ جنوری سے ستمبر کے مہینے میں گزشتہ سا ل کی نسبت 34 فیصد زیادہ ہے۔ عوامی جمہوریہ چین کے کسٹمز کی جنرل ایڈمنسٹریشن (GACC) کے مطابق پاکستان سے چین کو جانوروں کی خوراک کے کموڈٹی کوڈ (23012010) میں استعمال ہونے والے آٹے اور فش میل کی تجارت 49.48 ملین ڈالر سے تجاوز کر گئی۔ حجم کے لحاظ سے جنوری سے ستمبر میں پاکستان سے 43549.19 ٹن سے زائد درآمد کی گئی جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ 28486.12 ٹن تھی۔گوادر پرو کے مطابق اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ 2021 میں جانوروں کی خوراک میں استعمال ہونے والی فش میل کی کل مقدار 40654.92 ٹن پاکستان سے درآمد کی گئی جس کی مالیت 40.53 ملین ڈالر تھی۔ کووڈ 19 کی وبا کے باوجود پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ مالی سال 22 کے پہلے نو مہینوں (جنوری تا ستمبر)میں چین کو پاکستان کی برآمدات 2.57 بلین ڈالر رہی جو کہ پچھلے سال کی اسی مدت میں 2.51 بلین ڈالر سے 2 فیصد زیادہ ہے، جس میں مسلسل تین سالوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی چین کو منجمد مچھلی (کموڈٹی کوڈ 03038990) کی برآمدات 37 ملین ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔

ای پیپر-دی نیشن