• news

شہباز شریف وزیر داخلہ سمیت مستعفی ہوں‘ ایف آئی آر درج نہ ہوئی عدالت جائیں گے: فواد


اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) آج ایک مرتبہ پھر ثابت ہوا کہ سیاست کے لبادے میں مجرموں کا گروہ ملکی سیاست و اقتدار پر قابض ہے‘ انہوں نے کہا کہ بے شرم سرکار کے کٹھ پتلی سربراہ نے جو بیانیہ آج پیش کرنے کی کوشش کی اسے قوم پہلے ہی ردی کی ٹوکری میں ڈال چکی ہے۔ آج کا دن پاکستان کی سیاسی و سماجی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ، ضمیر فروشی اور سازش و شرانگیزی جیسے جرائم میں ملوث شخص وزیراعظم کے منصب کی توقیر خاک میں ملا رہا ہے۔ رتّی بھر شرم ہوتی تو ملک کا وزیراعظم تراش خراش پر مبنی بیہودہ بیانیہ بنانے کی بجائے اعظم سواتی اور اہلِ خانہ پر ڈھائی جانے والی قیامت کے ذمہ داروں کے تعین کی تدبیر کرتا‘ فواد چوہدری نے کہا کہ ملک میں انسانی حقوق کی پامالی کی سیاہ تاریخ رقم ہورہی ہے۔ مجرموں کا ٹولہ خرافات کی تشہیر میں مصروف ہے۔ فواد چوہدری نے کہا سنگین ترین سازشوں کو جھوٹ کے بوجھ تلے دبانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ منصب پر بیٹھ کر ملک میں انتشار و تقسیم کو ہوا دینے کی مزید اجازت قوم نہیں دے گی۔ شہباز شریف اپنے مجرم وزیرِداخلہ سمیت فوری مستعفیٰ ہوں اور قوم کو سازشوں کا سراغ لگانے کا موقع دیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان پر حملے کی ایف آئی آر درج نہ ہوئی تو عدالتوں میں جائیں گے۔
فواد چودھری

ای پیپر-دی نیشن