بھارتی سکھ آج آئیں گے‘ انگلینڈ سے آئے یاتریوں کا دورہ قصور
لاہور‘ قصور (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک کے 553 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے بھارت سے 3 ہزار سے زائد سکھ یاتری آج (اتوار) واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان داخل ہونگے۔ جہاں چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ حبیب الرحمن گیلانی استقبال کریں گے۔ بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری (شرائنز) رانا شاہد کا کہنا ہے کہ چیئرمین بورڈ کی ہدایات پر یاتریوں کی سکیورٹی سمیت دیگر تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔ مرکزی تقریب 8 نومبر کو جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی۔ انگلینڈ سے گرو نانک کی یاترا کیلئے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد نے قصور مزار بابا بلھے شاہ پر حاضری‘ پھولوں کی چادریں بھی چڑھائیں اور بابا جی کا کلام سنا۔ انگلینڈ سے گرو نانک کی یاترا کیلئے پاکستان آنے والے 125 سکھ یاتریوں میں خواتین بھی شامل تھیں۔ رانا رنجیت سنگھ نے کہا کہ بلھے شاہ اور بابا فرید سمیت گرو نانک نے امن‘ محبت اور بھائی چارے کا درس دیا ہے۔
بھارتی سکھ