• news

غریبوں کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح: اسحاق ڈار 


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کے ذریعے وزیراعظم کے ریلیف پیکج پر اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار مخدوم سید مرتضیٰ محمود اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وزیر خزانہ کو ملک کے عوام کی سہولت کے لیے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کے ذریعے پانچ ضروری اشیاء (دالوں، آٹا، چینی، چاول اور گھی) پر وزیراعظم کے ریلیف پیکج اور دی جانے والی زر اعانت سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ حکومت معاشرے کے غریب طبقے کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے جنہیں زیادہ سے زیادہ امداد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غریبوں کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ دریں اثناء وفاقی وزیر خزانہ  سے  وفاقی وزیر برائے نجکاری  عابد حسین بھائیو نے ملاقات کی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، ایس اے پی ایم برائے ریونیو طارق پاشا، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری نجکاری اور سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں سرکاری ملکیتی اداروں کی نجکاری پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں نجکاری کی پیش رفت میں رکاوٹ اوراین پی پی ایم سی ایل اور دیگر اداروں کی نجکاری کے عمل میںدرپیش مشکلات اور رکاوٹوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوسری طرف وزارت خزانہ میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود کے زیرصدارت اہم اجلاس ،اجلاس میں وزارت خزانہ، وزارت مواصلات کے سنیئر افسران شریک ہوئے۔ وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو این ایچ اے، موٹروے پولیس، پاکستان پوسٹ کے بجٹ سے متعلق تحفظات سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مولانا اسعد محمود کو وزارت مواصلات سے متعلق تحفظات کو حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ 
ڈار؍ اجلاس 

ای پیپر-دی نیشن