• news

مارچ پر فائرنگ افسوسناک‘ سیاسی مفادات کیلئے استعمال کرنا قابل مذمت: خواجہ آصف


سیالکوٹ (نامہ نگار) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران پیش آنے والا واقعہ افسوسناک ہے لیکن ایسے واقعات کو سیاسی فائدے  یا سیاسی مفادات کے لیے استعمال کیا جانا بھی قابل مذمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ کینٹ میں وریو ہائوس کے اندر منعقدہ  پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں زخمی ہونے والے کسی زخمی کا کوئی ملاحظہ نہیں ہوا اور نہ ہی آج تک کوئی ایف آئی آر ہی کٹی ہے، یہ لوگ اپنی مرضی کی ایف آئی آر بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ پنجاب حکومت نے اپنے فرائض درست طریقے سے سرانجام نہیں دئیے جو پنجاب حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، اس لئے پنجاب حکومت کی ناکامی کا  ملبہ کسی اور پر ڈالنا کسی صورت بھی درست عمل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان جن کے قول و فعل میں ہمیشہ تضاد رہا ہے جو یوٹرن کے ماسٹر ہیں اور یہ اعزاز بھی انہی کو حاصل ہے کہ وہ پرویز الٰہی جسے وہ پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہتے تھے اسی کو انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب بنا دیا، اب انہیں چایئے کہ پنجاب کی صوبائی حکومت سے پوچھیں کہ انہوں نے کہاں کوتاہی کی ہے۔ 20 سے 25 لاکھ لوگ لیکر اسلام آباد آنے کا دعوی کرنے والا عمران خان پورے ملک میں کسی بھی شہر کے اندر 500 سے زیادہ لوگ نہ نکال سکا۔ انہوں نے کہا کہ قائد محترم میاں محمد نواز شریف کی ہدایات پر ورکرز کنونشن کا سلسلہ شروع ہوا ہے اور ویسے بھی رابطوں میں کمی کے خاتمے کیلئے ورکرز کنونشن انتہائی ضروری ہیں جسکے مستقبل میں مثبت نتائج برآمد ہونگے۔
خواجہ آصف

ای پیپر-دی نیشن