• news

گلبرگ تابابو صابو ایکسپریس کے آغاز کا فیصلہ لاہور کا نقشہ بدل جائے گا : پرویز الٰہی

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے لاہور ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے پراجیکٹ کی اصولی منظوری  دے دی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے گلبرگ تا بابو صابو انٹرچینج ایکسپریس وے پراجیکٹ کا جلد آغاز کرنے کی ہدایت کی  اور الیکٹرک بسیں چلانے کی تجویز پر اتفاق کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اعلی سطح کے اجلاس میں سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں گلبرگ تا بابو صابو ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے پراجیکٹ کے جلد آغا ز کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اجلاس میں کہا کہ ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے بننے سے چند ماہ میں لاہور کا نقشہ تبدیل ہوجائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے کے اطراف میں کمرشل مراکز بنانے کا جائزہ لینے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دونوں اطراف میں چار رویہ ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے کی لاگت کا تخمینہ 85ارب روپے ہوگا۔ لاہور شہر میں مشرق سے مغربی اطراف میں پہلی ایکسپریس وے بنائی جائے گی۔گلبرگ سے موٹروے تک کا فاصلہ 8منٹ میں طے ہوگا۔ ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے بننے سے 20کلو میٹر کا سفر اور 30منٹ وقت بچے گا۔ ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے مال روڈ، ملتان روڈ سمیت 12بڑی سڑکوں سے منسلک ہوگی۔ ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے سے کارڈیالوجی سمیت بڑے ہسپتالوں تک رسائی آسان ہوگی۔ طلبہ و طالبات کو لاہور کالج، کنیئرڈ کالج سمیت دیگر تعلیمی اداروں میں آمدورفت میں سہولت ہوگی۔ ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے بننے سے 80ہزار سے زائد گاڑی مالکان مستفید ہوں گے۔ سابق وزیر ہاشم جواں بخت، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹریز، ڈی جی ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے 381 ریسکیورز کو ایمرجنسی سروسز اکیڈمی سے پاس آئوٹ ہونے پر مبارکباد دی۔  وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اپنے پیغام میں کہا کہ خوشی ہے کہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی تمام صوبوں کے ریسکیورز کو حادثات سے نمٹنے کی تربیت فراہم کر رہی ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ سندھ میں بھی ایمرجنسی سروس شروع کرنے کے لئے پاس آئوٹ ہونے والے 107 ریسکیورز کو مبارکباد دیتا ہوں۔  چودھری پرویز الٰہی نے کہا  ریسکیو اکیڈمی نہ صرف پاکستان بلکہ دوسرے ممالک کو تربیتی و تکنیکی معاونت فراہم کررہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن