کاپ 27 کانفرنس موسمیاتی تبدیلی کیخلاف سنگ میل : شہباز شریف ، مصر پہنچ گئے
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف COP-27 میں شرکت کے لئے مصر کے دو روزہ دورہ پر روانہ ہو گئے۔ شرم الشیخ کے ہوائی اڈہ پر مصری حکام اور پاکستانی سفارتخانہ کے افسران نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف 7-8 نومبر 2022 کو "شرم الشیخ کلائمیٹ امپلیمنٹیشن سمٹ" میں شرکت کے لیے اتوار کو مصر کے شہر شرم الشیخ روانہ ہوئے۔ وزیر اعظم کے ہمراہ کابینہ کے اراکین اور اعلیٰ حکام بھی روانہ ہوئے۔ یہ سربراہی اجلاس اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی 27ویں کانفرنس (COP-27) کے ایک حصے کے طور پر ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم 8 نومبر 2022 کو اپنے نارویجن ہم منصب کے ساتھ "کلائمیٹ چینج اینڈ سسٹین ابیبلٹی آف ولنرایبل کمیونٹیز" پر ایک اعلیٰ سطحی گول میز مباحثے کی شریک صدارت بھی کریں گے۔ 7 نومبر کو "مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو سمٹ"؛ جس کی میزبانی سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کر رہے ہیں میں بھی شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم سمٹ کی سائیڈ لائنز پر کئی عالمی رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ اس موقع پر ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم نے لکھا کہ کاپ 27 کانفرنس کا مصر میں انعقاد ماحولیاتی تبدیلی اور عالمی حدت کے خلاف انسانیت کی جنگ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ اس وقت پاکستان اور افریقہ میں انتہائی موسمی واقعات نے ماحولیاتی تبدیلی کی عالمگیریت کو ظاہر کیا ہے۔ اس کے مہلک اثرات پر آنکھیں بند کرنا مجرمانہ غفلت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جی 77 کی صدارت کرتے ہوئے دنیا پر زور دیں گے کہ وہ کلائمیٹ فنانسنگ اور نقصانات کے ازالہ کیلئے فنڈ کے طور پر اپنے وعدہ کو پورا کرے۔ مالی مدد کے بغیر ترقی پذیر ممالک موسمیاتی تبدیلی کے متعدد خطرات سے دوچار رہیں گے۔ شہبازشریف نے مزید کہا کہ ہم آب و ہوا کا انصاف مانگ رہے ہیں۔ دنیا پاکستان کو کیس سٹڈی سمجھے۔