برطانوی تاجروں کی ملاقات ، تیز نجکاری کی راہ ہموار کی جائے : اسحاق ڈار
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ آئی این پی) وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے لارڈ واجد خان کی سربراہی میں ممتاز برطانوی تاجروں کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے وفد کو ملک کی مجموعی معاشی صورتحال سے آگاہ کیا۔ تجارتی وفد میں ای جی گروپ اور اے ایس ڈی اے کے سربراہ زبیر عیسیٰ اور ایجی ای گروپ کے ڈائریکٹرز محمد عاصم، محمد طیب، شکور احمد، محمد یونس اور جعفر اقبال شامل تھے۔ ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا، سیکرٹری خزانہ اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ وزیر خزانہ نے ملک کی معیشت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور اسے درست سمت میں گامزن کرنے کے لیے موجودہ حکومت کی جانب سے کی جانے والی پالیسیوں اور اقدامات کے بارے میں بتایا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کاروباری برادری کو سہولتیں فراہم کرنے کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع پر روشنی ڈالی۔ وفد نے وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کو سراہا اور پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ دریں اثناء سرکاری اداروں کی نجکاری کے معاملات کا جائزہ لینے کیلئے وزیر خزانہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں نجکاری کی پیش رفت میں رکاوٹ اور این پی پی ایم سی ایل اور دیگر اداروں کی نجکاری کے عمل میں درپیش مشکلات اور رکاوٹوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ تیز نجکاری کی راہ ہموار کی جائے۔وفاقی وزیر خزانہ سے سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر امیر خرم راٹھور نے فنانس ڈویژن میں خیر سگالی ملاقات کی جس میں پاکستان، سعودی عرب تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔