• news

ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ نہ دینے کے خلاف  والدہ کی درخواست پرسماعت آج ہوگی 


 اسلام آباد(این این آئی)سینئر صحافی ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ فراہم نہ کرنے کے خلاف والدہ کی درخواست پرسماعت آج پیر کو ہوگی ،اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق درخواست پر سماعت کریں گے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ کیلئے ارشد شریف کی والدہ نے بیرسٹر شعیب رزاق کے ذریعے درخواست دائر کر رکھی ہے جس میں سیکریٹری داخلہ اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں کہا گیا کہ تین نومبر کو ارشد شریف کی فیملی کے فوکل پرسن نے انتظامیہ سے رپورٹ مانگی، انتظامیہ نے کہا ان کے پاس پوسٹ مارٹم رپورٹ نہیں ہے رپورٹ پولیس کے پاس ہے، فیملی فوکل پرسن پولیس کے پاس گئے تو انھوں نے بھی انکار کرتے ہوئے انتظامیہ سے رابطے کا کہہ دیا۔درخواست میں کہا گیا کہ پمز انتظامیہ سے بارہا رابطہ کیا وہ نہ انکار کرتے ہیں اور نہ رپورٹ فراہم کرتے ہیں، پمز اور لوکل انتظامیہ نے ارشد شریف فیملی کو پوسٹ مارٹم رپورٹ سے متعلق اندھیرے میں رکھا ہوا ہے، شہید ارشد شریف کی فیملی کی مشکل وقت میں رپورٹ کے لیے تذلیل کی جا رہی ہے۔درخواست میں کہا گیا کہ پٹیشنر کو شک ہے کہ حقائق مسخ کرنے کے لیے پوسٹ مارٹم رپورٹ میں رد وبدل کیا جا سکتا ہے، پورے عمل کو شفاف بنانے کے لیے ارشد شریف فیملی کو ہر لمحہ آگاہ رکھا جائے، بغیر کسی تھرڈ پارٹی کی مداخلت کے پورے عمل کو آگے بڑھانے کی ہدایت کی جائے، ارشد شریف فیملی کے فوکل پرسن کو پورے عمل میں شامل کیا جائے، پوسٹ مارٹم رپورٹ ارشد شریف فیملی کو فراہم کی جائے اور بغیر اہل خانہ کی اجازت کے اسے پبلک نہ کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن