بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات شروع، بھارت سے 3 ہزار یاتری پہنچ گئے
لاہور ننکانہ صاحب (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) بابا گورونانک کے 553 ویں جنم دن کی تقریبات شروع ہو گئیں۔ مرکزی تقریب کل ہو گی، بھارت سے 3 ہزار کے قریب سکھ یاتری واہگہ کے راستے پاکستان پہنچ گئے۔ جہاں متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری(شرائنز) رانا شاہد نے پردھان سردار امیر سنگھ، ستونت سنگھ کے ہمراہ مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ SGPC کے پر یت سنگھ، دہلی کمیٹی کے دل جیت سنگھ، ہریانہ کمیٹی کے من جیت سنگھ اور بھائی مردانہ کمیٹی کے جگ جیت سنگھ سمیت دیگر سکھ رہنما¶ں نے پاکستان پہنچے پر دلی خوشی کا اظہار کیا۔ مرکزی تقریب کل 8 - نومبر کو جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہو گی جس میں مختلف سیاسی و مذہبی رہنما شرکت کریں گے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ اور ضلعی انتطامیہ کی طرف سے یاتریوں کے قیام و طعام سمیت سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ یاتریوں کی سہولت کے لئے گورودوارہ جنم استھان سمیت دیگر گورودواروں کے اندر پبلک کال آفس، بنک بوتھ، یوٹیلٹی سٹور سمیت دیگر سٹالز قائم کیے گئے ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ کونسل ننکانہ صاحب اور میونسپل کمیٹی کی طرف سے شہر بھر کے علاوہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ کسی بھی شخص کو بغیر اجازت مذکورہ روڈ پر داخلہ کی اجازت نہیں۔ محکمہ تعلیم نے ننکانہ صاحب میں بابا گورونانک کے سالانہ جنم دن کی تقریبات کے سلسلہ میں ننکانہ صاحب کے سکولوں میں 7نومبر تا 9نومبر تک تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔
بابا گورونانک