لندن بھارتی ہیکرز کا گڑھ بن گیا،پاکستانی سیاستدانوں، اعلیٰ حکام کے کمپیوٹر ہیک
لندن (نوائے وقت رپورٹ) لندن بھارتی ہیکنگ گینگز کا گڑھ بن گیا اور بھارت کی خفیہ ایجنسیوں نے پاکستانی سیاستدانوں‘ سفارتکاروں اور اہلکاروں کے کمپیوٹرز بھی ہیک کرائے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق خفیہ آلات کے ذریعے پاکستانی اہلکاروں اور سیاستدانوں کی گفتگو ریکارڈ کی گئی۔ دی بیورو آف انویسٹی گیشن جرنلزم اور غیرملکی اخبار کو گینگ کے ڈیٹا بیس تک رسائی دی گئی۔ مجرموں نے 10 سے زائد متاثرین کے نجی ای میل اکائونٹس کو ہدف بنایا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیکرز کو 10 جنوری 2022ء کو فواد چودھری کا ای میل اکائونٹ ہیک کرنے کا ہدف دیا گیا تھا۔ اس وقت فواد چودھری پاکستان کے وزیر اطلاعات تھے۔ سابق صدر پرویز مشرف بھی بھارتی ہیکر گروپ کا نشانہ تھے۔ دی بیورو آف انویسٹی گیٹیو جرنلزم کے مطابق قطر میں رواں ماہ ہونے والے ورلڈ کپ کے موقع پر بے ضابطگیاں سامنے لانے والے بھی متاثرین میں شامل ہیں۔ کچھ ہیکرز کے صارفین برطانیہ میں نجی تحقیقات کار بھی ہیں۔