پی ٹی آئی دھرنا ، جلسہ : فریقین معاملات طے کرلیں ورنہ عدالت دیکھے گی ، نوٹس جاری : اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلام آباد (وقائع نگار+ آئی این پی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی جلسے اور دھرنے کے حوالے سے فریقین مل کر معاملات طے کر لیں ورنہ عدالت دیکھے گی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کی جانب سے جلسے اور دھرنے کی اجازت نہ ملنے کے خلاف درخواست کی سماعت جسٹس عامر فاروق نے کی۔ اس سلسلے میں اسلام آباد انتظامیہ نے بھی متفرق درخواست دائر کررکھی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ جسٹس عامر فاروق کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کی دھرنا اور مارچ کیلئے اجازت سے متعلق کیس میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے درخواست مسترد کرنے کی متفرق درخواست پر نوٹس جاری کردیئے۔ گذشتہ روز درخواستوں کو یکجا کرکے سماعت کے دوران سٹیٹ کونسل زوہین گوندل نے کہا کہ ہم نے متفرق درخواست دائر کرکے انکی درخواست خارج کرنے کی استدعا کی ہے، پی ٹی آئی کی درخواست غیر مؤثر ہوگئی ہے، انہوں نے جو 6اور 7 نومبر کا کہا وہ تاریخ تو گزر گئی۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ مارچ کے دوران افسوسناک واقعہ رونما ہوا، آپ دونوں بیٹھ کر اگر بات کرلیں تو بہت اچھی بات ہے، نہیں تو عدالت دیکھے گی۔ عدالت نے دونوں فریقین کو ملکر معاملہ حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ سماعت جمعہ تک کیلئے ملتوی کردی۔