وزیراعلیٰ گلگت کی ملاقات ، وفاقکارویہ نا مناسب ، صوبائی معاملات میں مداخلت کر رہا ہے : پرویز الٰہی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی سے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ خالد خورشید نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی اور خالد خورشید نے وفاقی حکومت کی جانب سے مختلف امور پر لیت و لعل سے کام لینے کی مذمت کی۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ وفاق صوبائی حکومت کے معاملات میں مداخلت کررہا ہے اور وفاق کی جانب سے صوبائی امور میں مداخلت ناقابل فہم اور قابل مذمت ہے۔ وفاق کا پنجاب اور گلگت بلتستان کے ساتھ رویہ کسی طور بھی مناسب نہیں۔ پاکستان چار اکائیوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پر مشتمل وسائل کی دولت سے مالامال ملک ہے۔ ملک کی تمام اکائیاں مل کر ترقی کریں گی تو پاکستان ترقی کرے گا۔ وطن عزیز کو آگے لے جانے کے لئے سب کو اکٹھے چلنا ہوگا۔ مشترکہ کاوشوں کے ذریعے ہی پاکستان ا پنی منزل حاصل کرے گا۔ ہماری حکومت بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ پر عمل پیرا ہے۔گلگت بلتستان میں بسنے والے ہمارے بھائی ہیں، ان کی ترقی اور خوشحالی عزیز ہے۔ پنجاب حکومت گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار جاری رکھے گی۔ گلگت بلتستان کے ہیلتھ کیئر سسٹم، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں پہلے سے بڑھ کر تعاون کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے مختلف شعبوں میں تعاون پر وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کیا۔ خالد خورشید نے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کو گلگت بلتستان کے دورے کی دعوت دی۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی کیلئے پنجاب حکومت کا تعاون لائق تحسین ہے۔ علاوہ ازیں پرویز الٰہی نے سکھ برادری کو بابا گرونانک کے553ویں جنم دن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں گرو نانک کے جنم دن پر سکھ کمیونٹی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ گرونانک نے اقدار، محبت، ہمدردی، انسانیت اور بردباری کا درس دیا۔ پرویز الٰہی نے نو شہرہ ورکاں میں زیادتی کے بعد 5 سالہ بچے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔