قانون اتنا بے بس نہیں کوئی فراڈیا کہے اور چیف جسٹس یا آرمی چیف کیخلاف مقدمہ درج ہو جائے : وزیر داخلہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ رانا ثناء نے کہا ہے کہ ملک کا قانون اتنا بے بس نہیں ہے کہ کوئی فراڈیا کہے اور چیف جسٹس یا آرمی چیف کے خلاف ایف آئی آر درج ہو جائے۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان ذاتی، گھٹیا اور انتقام کی تسکین کے لیے جھوٹی ایف آئی آر درج کرانا چاہتا ہے، وہ زخموں پر پروپیگنڈا کرتا ہے، ایسا تماشا ملک کی بنیادیں ہلا کر رکھ دیتا ہے۔ عمران خان نے ایک سینئر فوجی افسر کا نام دیا ہے، فوج ایک منظم ادارہ ہے کوئی اس کی پالیسی کے خلاف نہیں جاسکتا۔ رانا ثناء اﷲ نے کہا ہے کہ عمران خان ذاتی انتقام کیلئے جھوٹی ایف آئی آر درج کرانا چاہتے ہیں۔ عمران خان زخمی ہونے کا جھوٹ بول رہا ہے۔ عمران خان کبھی ایک‘ کبھی دو‘ کبھی 4 گولیاں لگنے کا کہتے ہیں۔ ایف آئی آر میں سینئر افسر کا نام لینا مضحکہ خیز ہے۔ پولیس کا مؤقف درست ہے‘ سٹیٹ کی مدعیت میں مقدمہ درج ہونا چاہئے۔ وزیر آباد واقعے کے بعد پی ٹی آئی کی مہم جوئی اور عمران خان کی کال کو عوام نے یکسر مسترد کر دیا ہے۔ پاکستان کے عوام رواداری‘ عزت و احترام کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔ صوبائی حکومتوں کی ایما کے ساتھ سڑکیں اور قومی شاہراہیں بلاک کی جا رہی ہیں جو قابل مذمت اور باعث شرم ہے۔ سڑکیں بند ہونے سے عوام انتہائی مشکل میں ہیں۔