• news

پاکستان میں ایزبائیک سروس مقبول ہونے لگی،ڈیڑھ لاکھ کی رجسٹریشن مکمل

اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان میں ایزبائیک سروس مقبول ہونے لگی،ڈیڑھ لاکھ کی رجسٹریشن مکمل،برقی سکوٹر ماحول دوست اور سستا،10 فیصد کلائنٹس خواتین ،کمپنی کا پورے ملک میں الیکٹرک سکوٹر سروس کا جال بچھانے کا فیصلہ۔پاکستان میں محنت کش عوام روزانہ ایندھن کی قیمتوں میں ناقابل برداشت اضافے، ماحولیاتی آلودگی کی بڑھتی ہوئی سطح اور ٹریفک کی کثافت کے نتیجے میں مشکلات کا شکار ہیں۔ ایزبائیک لوگوں کیلئے ایندھن پر زیادہ خرچ کیے بغیر وقت پر اپنے کام کی جگہوں پر پہنچنے کیلئے ایک بہتر حل ہے۔ ایز بائیک کے سی ای او اور شریک بانی محمد ہادی نے کہا کہ ایزبائیک کی پاکستان میں نقل و حمل کی اشد ضرورت ہے اور بیرون ملک لاگو سکوٹر شیئرنگ بزنس ماڈل پاکستانی شہروں کیلئے موزوں ہے جس کا مقصد ملک میں دستیاب نقل و حمل کا سب سے سستا، آسان اور ماحول دوست طریقہ پیش کرنا ہے۔ ہمارے پاس تقریبا 150,000 کلائنٹس ہیں۔ خواتین کو ان کے کام کی جگہوں اور یونیورسٹیوں میں جانے میں مدد کرنے میں ایزبائیک کا کردار ایک ایسی چیز ہے جس پر ہمیں خاص طور پر فخر ہے۔ خواتین ہمارے صارفین میں سے تقریبا 10 فیصدہیں۔ محمدہادی نے کہا کہ ایزبائیک اوسطا روایتی موٹرسائیکل سروسز سے 30 فیصدسستی ہے۔ہمارے شہروں میں ہوا کا معیار دنیا میں سب سے خراب ہے اور 60 اخراج ٹرانسپورٹ کے شعبے سے آتا ہے لیکن ہماری ایزبائیک جیسے الیکٹرک سکوٹر صفر براہ راست اخراج پیدا کرتے ہیں۔ اسی لیے ہمیں بحیثیت قوم ایزبائیک جیسے صاف ستھرے ذرائع نقل و حمل کو اپنانے کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ سروس اسلام آباد میں بے حد مقبول ہے۔ آئی سی ٹی انتظامیہ، خاص طور پر پولیس، ہمارے مشن کی حمایت کرتی ہے کیونکہ کہ ہم شہر کے رہائشیوں کو ایک سستی اور آسان نقل و حمل کا طریقہ فراہم کر کے ان کی مدد کر رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن