آئی ٹی کے شعبہ میں بہت گنجائش : امریکی قونصل جنرل ، ٹیکس چھوٹ بحال کی جائے : چیئرمین ایسوسی ایشن
لاہور(کامرس رپورٹر)امریکی قونصل جنرل ایچ ای ولیم کے مکانیول نے کہا ہے کہ پاکستان میں آئی ٹی انڈسٹری کاٹیلنٹ اور صلاحیت کا پیمانہ انتہائی وسیع ہونے پر خوشگوار حیرت ہوئی ہے ہیں۔ وہ پاکستان سافٹ ویئر ہائوسز ایسوسی ایشن کے 18ویں سالانہ آئی سی ٹی ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے آئی ٹی ڈاکٹر ارسلان خالد ،ایسوسی ایشن کے چیئرمین زوہیب خان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔امریکی قونصل جنرل ایچ ای ولیم کے مکانیول نے کہا کہ وہ پاکستان کی آئی ٹی کی صنعت کی متحرک قیادت اورآئی ٹی کے رجحان کو بھی سراہتے ہیں ، پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں بہت گنجائش ہے ۔ زوہیب خان نے بتایا کہ ایوارڈز کا مقصد آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی اور کامیابیوں کو فروغ دینا، حوصلہ افزائی کرنا اور ان کا اعتراف کرنا ہے۔ جس کے نتیجے میں برآمدات میں اضافہ، روزگار کی فراہمی، سماجی ترقی، مہارتوں کی ترقی، خواتین کی آزادی، مزید محصولات کا حصول اور معاشی ترقی ہوگی۔ زوہیب خان نے مطالبہ کیا کہ آئی ٹی انڈسٹری کی ٹیکس چھوٹ کی حیثیت کو بحال کیا جائے اور اسے 2030 تک بڑھایا جائے تاکہ 5 سے 7 سال کے قلیل عرصے میں پاکستانی آئی ٹی برآمدات کو 15 بلین ڈالر تک بڑھایا جا سکے۔ڈاکٹر ارسلان خالد نے کہا کہ پنجاب حکومت آئی ٹی انڈسٹری کے ساتھ ہر سطح پر تعاون کر رہی ہے اور تمام متعلقہ اداروں اور کمیٹیوں میں ایسوسی ایشن کے نمائندوں کو شامل کر رہی ہے۔ انہوں نے شرکاء کو پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور پاکستان سافٹ وئیر ہائوسز ایسوسی ایشن کے درمیان حال ہی میں ہونے والے ایم او یو کے امکان سے بھی آگاہ کیا تاکہ صوبے کے تمام ڈویژنوں میں نصاب کی ترقی اور آئی ٹی کی مہارتوں کو بڑھانے پر مل کر کام کیا جا سکے۔ایوارڈ تقریب میںسسٹمز لمیٹڈ نے ٹاپ ایکسپورٹر کیلئے گولڈ ایوارڈ ،آئی بیکس گلوبل سلوشنز نے بہترین بی پی اوخدمات فراہم کرنے کا ایوارڈ جیتا ۔ ٹرانسپورٹ فراہم کرنے والی ٹرانسپورٹ کمپنی کریم کو سونے کا تمغہ دیا گیا،آئی بیکس گلوبل نینے صنفی تنوع کا ایوارڈ بھی جیتا ہے، پیشہ ورانہ خدمات میں کوالیٹیٹم اور ڈبلیو آر پی اسٹوڈیوز نے سال کے بہترین کھیل کا ایوارڈ جیتا۔