کائنات میں سب سے بڑی نعمت عقیدہ تو حید ہے:ہشام الٰہی ظہیر
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک دفاع اسلام و پاکستان کے چیئرمین علامہ حافظ ہشام الٰہی ظہیر نے کہا ہے کہ کائنات میں سب سے بڑی نعمت عقیدہ تو حید ہے۔ انسان عقیدہ تو حید پر گامزن ہو کر ہی اللہ تعالیٰ کی رضا، خوشنودی اور اْس کی جنت کا حقداربن سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز قرآن و سنہ اسلامک سینٹرمیں ’’عقیدہ تو حید‘‘ کے حوالے سے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ ہشام الہٰی ظہیر نے کہا مسلمان وہ ہے جو تو حید کی نعمت کو اپنانے کے بعد اس میں کسی بھی قسم کی کمی نہ کرے بلکہ پو ری طرح سے اس پر کاربند رہے۔ مسلمان قرآن و سنت جیسے خالص عقیدہ کے ہوتے ہوئے مختلف گروہ بندیوں میں بٹ کر انتشار اور خرافات کا شکار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا مسلمان دین اسلام کی محبت کو اپنے سینوں میں بھر لیں اور کفار کی محبت سے نکل اللہ اور اس کے اللہ رسولؐ کے احکامات اور اس کی شریعت کے تا بع بن کر اپنی زندگیوں کو بسر کریں ۔نیز تو حید غیر اللہ کو سجدہ اورانکے آستانوں پر جھکنے کی ہر گز اجازت نہیں دیتی۔