پی پی، ن لیگ فنڈنگ کیس: ریکارڈ نہ ملنے پر سکروٹنی کمیٹی کو مشکلات
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن میں پی پی اور ن لیگ کے فنڈنگ کیس کی سما عت کے دوران سکروٹنی کمیٹی کو ریکارڈ نہ ملنے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔ الیکشن کمشن میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے اکائونٹس کی سکروٹنی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ سربراہ سکروٹنی کمیٹی نے بتایا کہ ریکارڈ نہ ملنے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو مختلف اکائونٹس میں فنڈنگ اور ممبرشپ فیس ملی ہے، ن لیگ کے کئی اکائونٹس کی مزید پڑتال اور وضاحت درکار ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم فنڈنگ کیسز ختم کرنا چاہتے ہیں، لیکن معاملہ تاخیر کا شکار ہورہا ہے، عبوری رپورٹ جمع کرائیں تو کمشن مخصوص وقت میں سکروٹنی مکمل کرنے کا حکم دے گا۔ مزید تاخیر کسی صورت نہیں ہونے دیں گے، جو بھی مشکلات ہیں انہیں رپورٹ میں لکھ کر دیں، رپورٹ کا جائزہ لیکر احکامات جاری کریں گے۔