پوزیشن ہولڈر طالبہ ایک دن کیلئے اعزازی ڈی سی فیصل آباد‘ پولیس دستے نے سلامی دی
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) تاریخ میں پہلی بار ایک دن کا اعزازی ڈپٹی کمشنر بننے کا اعزاز۔ نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والی گورنمنٹ گرلزماڈل ہائر سیکنڈری سکول پیپلز کالونی نمبر 1 کی طالبہ مروا نے حاصل کیا۔ انہوں نے اعزازی ڈپٹی کمشنر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ڈپٹی کمشنر کی زیر استعمال گاڑی نے انہیں ان کی رہائش گاہ سے ڈپٹی کمشنر آفس پہنچایا۔ ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے ان کا استقبال کیا۔ مروا بسرا کو پنجاب پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ مروا کی والدہ ٹیچر خالدہ، بڑی بہن مناہل اور بڑے بھائی مشاہد بھی اعزازی ڈپٹی کمشنرکے ہمراہ تھے۔ اعزازی ڈپٹی کمشنر نے ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ کے ہمراہ ڈی سی کمپلیکس میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے اعزازی ڈپٹی کمشنر کوسول ڈیفنس کا رضا کار بنایا اور انہیں سرٹیفیکیٹ وکیپ پیش کی۔ڈپٹی کمشنر نے اعزازی ڈپٹی کمشنر کو انسداد ڈینگی مہم پر عملدرآمد کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔ اعزازی ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم میں سکول ٹیچرز کی خدمات حاصل کی جائیں۔ اعزازی ڈپٹی کمشنر نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ کے انقلابی اقدام کو سراہا اور کہا کہ ایک دن کا اعزازی ڈپٹی کمشنر بننا ان کے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے کہا کہ ایک دن کا اعزازی ڈپٹی کمشنر بنانے کا آئیڈیا آج شرمندہ تعبیر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ مستقل بنیادوں پر ہر سال نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں اعلی ترین کارکردگی اور میٹرک کے ٹاپر طالب علموں کی حوصلہ افزائی کے لئے جاری رہے گا۔ میرٹ لسٹ میں دسویں نمبر تک آنے والے طالب علموں کوایک دن کا اعزازی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز و اسسٹنٹ کمشنرز بنانے کا ارادہ ہے۔